• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شدید لوڈشیڈنگ سے زیادہ پاور پلانٹس لگانے کے دعوے جھوٹ نکلے، شہباز


پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ شدید لوڈ شیڈنگ سے پی ٹی آئی کے زیادہ پاور پلانٹس لگانے کے دعوے جھوٹ ثابت ہوگئے، پی ٹی آئی کسی ایک پاور پلانٹ سے متعلق یہ ثابت نہیں کرسکی کہ وہ مہنگا لگا ہے۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے مختصر مدت کے لئے دنیا کی مہنگی ترین ایل این جی خریدی، لوڈ شیڈنگ کا عفریت 5 سال بعد پھر پاکستان میں لوٹ آیا ہے، مسلم لیگ ن نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کی پانچ سال محنت کی تھی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کی بےانتظامی اور کرپشن سے بجلی، گیس لوڈشیڈنگ پھر شروع ہوگئی، یہ پی ٹی آئی حکومت کی بدترین کارکردگی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خلاف جھوٹ بولا کہ بہت زیادہ پاور پلانٹس لگائے گئے، اتنی شدید لوڈشیڈنگ سے پی ٹی آئی کے یہ دعوے جھوٹ ثابت ہوگئے ہیں، پی ٹی آئی خود سورج، ہوا اور گیس سے چلنے والے پلانٹس کی تنصیب کے دعوے کررہی ہے، لہٰذا ضرورت سے زائد بجلی بنانے کے دعوے جھوٹ ثابت ہوجاتے ہیں۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ایل این جی کی ترسیل کی واحد پائپ لائن مسلم لیگ ن نے بنائی۔ اس منصوبے سے ملک کو سستی اور مسلسل ایل این جی کی فراہمی ممکن ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اب تک صرف ایک ایل این جی کارگو طویل المدتی کنٹریکٹ پر خریدا ہے، پی ٹی آئی نے مختصر مدت کے لئے دنیا کی مہنگی ترین ایل این جی خریدی، فرنس اور ڈیزل پر مہنگی بجلی بنا کر عوام پر ظلم کیا گیا۔

تازہ ترین