اسلام آباد (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پارلیمانی سیکرٹری پنجاب چوہدری محمد عدنان نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ چوہدری عدنان نے میگا پروجیکٹس، عمار چوک کی ری ماڈلنگ، کچہری چوک و ڈیفنس چوک کی تعمیر، حلقہ پی پی 11 میں فوکل پرسنز کی تجاویز پر پانی کے اوور ہیڈ اور زیر زمین واٹر ٹینکس، پانی کی سپلائی لائنز، ٹیوب ویلز، سکول، کالج، ہسپتال، ڈسپنسریز، پارکس، قبرستانوں کی دیواروں و راستے، گلیات، سیوریج، فلٹرین پلانٹس، سٹریٹ لائٹس کے ترقیاتی کاموں کے لیے 2 ارب 11 کروڑ روپے کے فنڈز کی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں منظوری پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ راولپنڈی ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔ چوہدری عدنان نے محکمہ ایکسائز کی طرف سے سابقہ ادوار کے 10 سالہ پراپرٹی ٹیکس کے نوٹس دینے پر عوام کے تحفظات سے آگاہ کیا اور کہا کہ راولپنڈی کے لوگوں کو لاکھوں روپے پراپرٹی ٹیکس کے نوٹس آنا بہت زیادتی ہے۔نئی کمیٹیوں کی تشکیل دے کر ری اسسمنٹ کی جائے اور پراپرٹی ٹیکس آسان اقساط میں وصول کیا جائے ۔ملاقات میں دریا ئے سواں مین جی ٹی روڈ کے قریب سرکاری اراضی پر سبزی فروٹ و غلہ منڈی کے قیام کے حوالے سے گفتگو ہوئی ۔وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری ایگریکلچر کو جلد از جلد یہ منڈی قائم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ وزیر اعلی ٰ نے پنجاب بھر میں ہزاروں کنال تجاوز شدہ سرکاری اراضی کی نشاندہی کرنے، انکوائری رپورٹس مکمل کر کے بورڈ آف ریونیو بھیجنے پر چوہدری عدنان کے اقدامات کو سراہا اوراسی ضمن میں بورڈ آف ریونیو اور اور ضلعی انتظامیہ کی خدمات کو بھی سراہا۔ راولپنڈی میں ممکنہ سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے اقدامات کے حوالے سے چوہدری محمد عدنان کی طرف سے لکھے گئے خط پر وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ چوہدری عدنان نے چکلالہ سکیم 3 راولپنڈی میں نجی سکول سے 10 کنال سرکاری اراضی واگزار کروا کر اس میں ایئرپورٹ تھانہ، سول ڈیفنس، ریوینیو ڈپارٹمنٹ اور دیگر سرکاری محکمہ کے دفاتر منتقل کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام سرکاری اراضی قانون کے مطابق واگزار کروا کر ان کو عوام کی فلاح کے لئے استعمال کیا جائے۔