• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور دہشتگردی، بھارت کا ہاتھ FATF کا امتحان ہے، رضا ربانی

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ لاہور واقعہ میں بھارتی دہشت گردی کی مہر لگنا حیران کن نہیں ۔ اب ایف اے ٹی ایف اور مغربی دارالحکومتوں کے لیے امتحان ہےکیا ایف اے ٹی ایف بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لیکر بھارت کو بلیک لسٹ میں ڈالے گا؟ یا پھر مغربی دارالحکومتوں کا دوہرا معیار جاری رہے گا،بھارت ریاستی دہشتگردی کا مستقل ایکسپورٹر،مغربی دارالحکومتوں نے ہمیشہ نظر انداز کی ۔سابق چئیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی کا مستقل ایکسپورٹر ہے لیکن مغربی دارالحکومتوں نے ہمیشہ بھارت کو نظر انداز کیا، را کے ایجنٹس طویل عرصے بلوچستان اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں دہشت گرد کاروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔ اگر ایف اے ٹی ایف بھارت کے خلاف ایکشن لینے میں ناکام ہوتا ہے۔ تو یہ ظاہر کرے گا کہ ایف اے ٹی ایف سامراج کے ہاتھ میں کھیلنے والا ایک اور ادارہ ہے جس کا مقصد ریاستوں پر قومی سیکورٹی کے حوالے سے دبائو ڈالنا ہے، بھارت اندرونی ریاستی دہشت گردی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ بھارت اپنے ملک میں طاقت کے ذریعے 22 قوم پرست تحریکوں کو دبا رہا ہے۔ مغربی سامراج اور بھارت کا خطے کے پولیس مین بنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔

تازہ ترین