• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لگ رہا ہے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تیاری کر لی گئی: مریم نواز


سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ مجھے ایسا لگ رہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے، اگر ایسا نہیں ہے، تو بہت ساری نیوز ایجنسیاں اور لوگ رپورٹ کر رہے ہیں، مگر کوئی تردید نہیں آ رہی۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر مریم نواز میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں تو ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اسرائیل کی تعریفیں کر رہے تھے، کہیں ایسا تو نہیں کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے؟

مریم نواز نے جواب میں کہا کہ مجھے ایسا ہی لگ رہا ہے، اگر ایسا نہیں ہے، تو بہت ساری نیوز ایجنسیاں اور لوگ رپورٹ کر رہے ہیں، مگر کوئی تردید نہیں آ رہی، اگر ایسا ہے تو قوم کو بتائیں تاکہ قوم اپنا فیصلہ لے، اگر آپ نے دوستی کرنی ہے تو یہ آپ نہیں کر سکتے، یہ آپ کا ذاتی فیصلہ نہیں، 22 کروڑ عوام کا فیصلہ ہے، ان کو اعتماد میں لیں اور سچ بتائیں۔

ایک اور صحافی کو جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ آپ لوگ ہر بات میں ڈیل نکال کر لے آتے ہیں، کیوں ڈیل ہو گی اور کس کے ساتھ ہو گی؟ اتنی قربانیاں دینے کے بعد ہم کیا پاگل ہیں کہ ان کے ساتھ ڈیل کر لیں گے جن کے خلاف جدوجہد ہے، ان سے ڈیل کیسے کر سکتے ہیں؟

نون لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں نون لیگ کی نمائندگی شہباز شریف نے کی، آزاد کشمیر میں الیکشن چوری کرنے کی کوشش نہ کریں، جہاں شہباز شریف ہوتے ہیں وہاں میری ضرورت نہیں ہوتی، مجھے آزاد جموں کشمیر الیکشن کی ذمے داری دی گئی ہے۔

انہوں نے وزیرِ اعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے تو آپ کو ہزارہ برادری کے پاس جانا چاہیئے تھا، ہزارہ برادری بھی تو کوئٹہ میں رہ رہی تھی، وہ آپ کو بلا رہے تھے اور آپ کہہ رہے تھے کہ میں لاشوں سے بلیک میل نہیں ہوں گا، ان کے تحفظات کو دور کرنا ہو گا۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ نون آزاد کشمیر میں سب سے مضبوط پوزیشن میں ہے، اگر کشمیر میں شفاف الیکشن ہوئے تو شک نہیں مسلم لیگ نون جیتے گی، آپ کو پہلے اپنا ہاؤس اِن آرڈر کرنا چاہیئے، فارن پالیسی ذاتی پالیسی نہیں قومی پالیسی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ قوم سے سچ بولنا چاہیئے، قوم کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکنا چاہیئے، شاہد خاقان عباسی کہتے ہیں کہ ان کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، ہم صرف الزام ہی نہیں لگا رہے بلکہ ان کے پیچھے ثبوت ہیں، عوام اور ان کے منتخب نمائندوں کے راستے میں نہ آئیں، ورنہ سنجیدہ نتائج بھگتنے پڑیں گے۔

سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے کہا کہ پی ڈی ایم نے بہت بڑے مقاصد حاصل کیئے ہیں، ایسی عوام دشمن حکومت 75 سال میں کبھی نہیں آئی، گیس کی بندش کے باعث صنعتیں ختم ہونے کو ہیں، نوا زشریف زیرو لوڈشیڈنگ پر لے کر آئے، قوم کے سامنے ان کی حقیقت آگئی ہے، اس کیلئے پی ڈی ایم کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت جب جائے گی تو دوبارہ نہیں آئے گئی، پوری پی ٹی آئی آپس میں گتھم گتھا ہے، الیکشن آئے گا تو ان کا حال آپ کے سامنے ہو گا، صحافیوں کا منہ بند کرنے کے لیے جو کیا جا رہا ہے وہ شرم ناک ہے۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ ایف آئی اے کا نوٹس ان کو جانا چاہیئے تھا جنہوں نے مرحوم ارشد ملک کو بلیک میل کیا، تحقیقات کرنی ہے تو اس کی کریں کہ ایک جج کو اس کی ویڈیو دکھا کے کیسے بلیک میل کیا گیا، عمران خان کی صورت میں چوائس کا نتیجہ قوم نے دیکھ لیا، چوائس صرف عوام کی ہونی چاہیئے۔

تازہ ترین