پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز سے قبل انگلینڈ اسکواڈ کے 7 ارکان کے کورونا کے شکار ہونے کے باعث انگلینڈ بورڈ نے نئی ٹیم کا اعلان کردیا ہے، کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار کوئی ٹیم پوری تبدیل ہوئی ہے۔
انگلش بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں بین اسٹوکس کو کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں جیک بال، ڈینی برکس، زیک کرولی، بریڈن کارس، بین ڈکیٹ ، لیوس گریگری شامل ہیں۔
جمعرات سے پاکستان کیخلاف کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز کیلئے انگلش ٹیم میں ٹام ہیلم ، ول جیکس، ڈین لورینس ، ثاقب محمود نے بھی جگہ بنا لی ہے۔
ان کے علاوہ ڈیوڈ ملان، کریگ اورڈن، میٹ پارکنسن، ڈیوڈ پائن، فل سالٹ، جیمز ونس بھی انگلینڈ ٹیم کا حصہ ہیں۔
اس سے قبل غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا تھا کہ بین اسٹوکس عرصے بعد بطور کپتان ٹیم میں واپس آئیں گے۔
انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن کا کہنا تھا کہ ہم اس صورتحال کیلئے پہلے سے تیار تھے کیونکہ کورونا کا ڈیلٹا ویرئنٹ تیزی سے پھیل رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے نئے اسکواڈ کیلئے تیزی سے کام کیا ، اور ای سی بی بین اسٹوکس کا مشکور ہے کہ انہوں نے اپنی ٹیم کیلئے واپسی کے لیے حامی بھری۔
یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم سے سیریز میں شامل انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے 7 ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے۔ ای سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے 3 کھلاڑی اور 4 مینجمنٹ ارکان کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، حکومتی قوانین کے مطابق کورونا مثبت آنے والے قرنطینہ کریں گے جبکہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے باقی ارکان کو بھی آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ 8 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ میں 3 ون ڈے کھیلنے ہیں جو 8 ،10 اور 13 جولائی کو کھیلے جائیں گے، انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز 16 ، 18 اور 20 جولائی کو ہوں گے۔