کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر سینیٹر(ر)امان اللہ کنرانی نے کہا ہے کہ گوادر کی ترقی عوام کی شراکت داری سے ہی ممکن ہے۔ چین کی بالادستی و ترقی کے دعوئوں پر ہانگ کانگ کو بھی تحفظات ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گوادر کے عوام کو داد دیں جنہوں نے ابھی تک بنگالیوں کی طرح بوتل میں بم بناکر چینیوں کا پیچھا نہیں کیا بھول جائیں گے کہ تاریخ کیا سلوک کرتی ہے۔ قبضہ گیروں کے خلاف جب ترقی کے نام پر آپ اس کا روزگار،امن،چین،عزت و آبرو چھینیں گے تو نتائج کے لئے بھی تیار ہونا ہوگا۔حد ہے چین گزشتہ دو دہائیوں سے گوادر کے چند ہزار لوگوں کو پانی بجلی و گیس اور بنیادی سہولیات و ضروریات اورروزگار فراہم نہ کرسکا ۔اپنے لئے بین الاقوامی سہولتوں سے آراستہ 7 سٹار بزنس بے بناکر گوادر کے عوام کا منہ چڑھا رہے ہیں یہ نسل تو آہ و بکا میں مر کھپ جائے گی مگر ان کی آہوں سے جو چنگاری اٹھے گی اور طوفان بن کر شورش زدہ بچے بڑے ہوں گے تو فلسطینیوں کی طرح پتھر چینیوں پر پھینکیں گے ،گوادر میں چینی ترقی کے ثمرات تو اب تک نہیں پہنچ سکے مگر گوادر کے عوام کا واحد ذریعہ معاش ماہی گیری اور ان کے بچوں کے منہ کا نوالہ چھیننے کے لئے فشنگ کے لئے دیو قامت ٹرالر پہنچ گئے جس سے گوادر کے بے سہارا لوگ اپنی ترقی کے لئے نہیں دو وقت کی روٹی کے لئے پریشان ہیں۔ عمران خان کے محض دعوے گوادر کے سمندر کی جھاگ کی مانند ثابت ہوں گے۔