اسلام آباد (خالد مصطفیٰ)روس آر یا پار کی سوچ کے ساتھ 12 جولائی سے پی ایس جی پی منصوبے پر مذاکرات کرے گا۔ سیکرٹری پٹرولیم ڈاکٹر ارشد محمود کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں ملکی مفادات کا تحفظ کریں گے،مقامی کمپنیوں سے سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، روس کا 12 رکنی وفد غیرملکی اقتصادی تعاون اور فیول مارکیٹس ڈیولپمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر اے اے ٹول پاروف کی قیادت میں 12 جولائی کو پاکستان پہنچ رہا ہے۔
یہ وفد پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن (پی ایس جی پی) منصوبے پر جسے شمال جنوبی گیس پائپ لائن منصوبہ بھی کہا جاتا ہے، پر چار روز مذاکرات کرے گا۔ مذاکرات میں شیئرہولڈرز معاہدے اور شرائط پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
دونوں ممالک پائپ لائن کے ڈائی میٹر سے متعلق بھی فیصلہ کریں گے۔ پاکستان کے طاقتور حلقے اس بات کے خواہاں ہیں کہ روس ، پاکستان کی معیشت میں اپنا حصہ ڈالے اور پی ایس جی پی تعمیر کرے۔ دونوں ممالک پہلے ہی دفاع کے شعبے میں اپنے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جاچکے ہیں۔
اس منصوبے پر روس پاکستان کے ساتھ 2015 سے ہے۔ منصوبے میں پاکستان کے مطالبات کی وجہ سے کئی بار اتر چڑھائو آچکے ہیں۔ اس حوالے سے سیکرٹری پٹرولیم ڈاکٹر ارشد محمود سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ 12 جولائی سے منصوبے پر روس کے ساتھ مذاکرات شروع ہورہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم منصوبے میں روس کی شرکت کے خواہاں ہیں لیکن ہم مذاکرات میں ملکی مفادات کا تحفظ کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کے حکام مقامی کمپنیوں کی جانب سے بھی منصوبے پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات میں کامیابی ہوگی، تاہم ناکامی کی صورت میں حکام متبادل منصوبہ جو کہ متبادل پائپ لائن کی تعمیر سے متعلق ہوگا پر بھی کام کررہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پہلے سے کیے گئے بین الحکومتی معاہدے کے تحت روس پورے منصوبے پر 100 فیصد سرمایہ کاری کرے گا۔
جس کے بعد حکومت پاکستان نے جی آئی ڈی سی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نیا فیصلہ کیا کہ اس پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری اس کی جانب سے ہوگی۔اب ترمیمی آئی جی اے کے تحت پاکستان کے منصوبے میں 74 فیصد اور روس کے 26 فیصد شیئرز ہوں گے۔