• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’رئیس‘ کی آفر کا سن کر والدہ رونے لگی تھیں: ماہرہ خان کا انکشاف

پاکستان سمیت سرحد کے اُس پار بھارت میں بھی اپنی اداکاری سے مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ جب اُنہوں نے اپنی والدہ کو بتایا تھا کہ وہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ اُن کی فلم میں جلوہ گر ہوں گی تو وہ خوشی سے رونے لگ گئی تھیں۔

بھارتی ویب سائٹ پر ماہرہ خان کا ماضی کا وہ انٹرویو شائع کیا گیا ہے جس میں اُنہوں نے فلم ’رئیس‘ کی آفر پر اپنے اہلخانہ کے ردّعمل کا ذکر کیا تھا۔

ماہرہ خان نے کہا تھا کہ ’رات کا وقت تھا تو میں نے اپنے والد، والدہ اور بھائی کو بتایا کہ مجھے بھارت سے فلم ’رئیس‘ میں کام کرنے کی آفر آئی ہے جس پر سب حیران ہوگئے تھے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’میں نے گھر والوں کو بتایا کہ فلم میں شاہ رخ خان میرے ساتھی اداکار ہوں گے جس پر میری والدہ حیرانگی سے کہنے لگیں، کیا بولا؟ دوبارہ کہنا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے والدہ سے کہا، جی ہاں! میں شاہ رخ خان کے ساتھ کام کروں گی تو میری والدہ خوشی سے رونے لگیں کیونکہ اُنہیں اس بات پر بالکل یقین نہیں آرہا تھا۔‘

ماہرہ خان نے مزید کہا کہ ’میری والدہ خوشی سے نہال ہوگئی تھیں کیونکہ اُن کی ہمیشہ سے خواہش تھی کہ میں ایک بار شاہ رخ خان کے ساتھ ضرور کام کروں۔‘

واضح رہے کہ ماہرہ خان اور شاہ رخ خان ہندی فلم ’رئیس ‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوچکے ہیں۔

ماہرہ خان بھی اکثر شاہ رخ خان کی تعریف کرتی دکھائی دی ہیں اور بتاتی ہیں کہ شاہ رخ خان ان کے پہلے کرش ہیں۔

تازہ ترین