بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے پاکستان کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان کی تعریف کے پُل باندھتے ہوئے کہا کہ ’ماہرہ خان ایک بہترین اداکارہ ہیں اور وہ اپنے ٹیلنٹ کی وجہ سے بہت آگے جائیں گی۔‘
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر شاہ رخ خان کے انٹرویو کی ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اداکارہ ماہرہ خان کی صلاحیتوں کی خوب تعریف کرتے نظر آرہے ہیں۔
شاہ رخ خان نے دورانِ انٹرویو اداکارہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ماہرہ ایک باکمال اور باصلاحیت اداکارہ ہیں اور اُنہیں فلم ’رئیس‘ میں اُن کے ساتھ کام کرکے بہت خوشی محسوس ہوئی۔
بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ’یہ ماہرہ خان کا بڑا پن ہے کہ اُنہوں نے فلم ’رئیس‘ میں مجھ سے بہت کچھ سیکھا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’جب ہم فلم ’رئیس‘ کے لیے کاسٹنگ کررہے تھے تو مجھے اندازہ نہیں تھا کہ ماہرہ خان اتنی بہترین اداکارہ ہوں گی لیکن جب میں نے اُن کے ساتھ کام کیا تو اُن کے ٹیلنٹ کے بارے میں معلوم ہوا اور میں نے بھی اُن سے بہت کچھ سیکھا۔‘
شاہ رخ خان نے کہا کہ ’ماہرہ خان کا کام اور اُن کا بات کرنے کا انداز بہت اچھا ہے، مجھے اُن کے ساتھ کام کرکے بہت خوشی محسوس ہوئی۔‘
بالی ووڈ اداکار نے مزید کہا کہ ’جب آپ کے اندر ٹیلنٹ ہوتا ہے تو پھر چاہے آپ زیادہ کام کرو یا کم، دُنیا کے سامنے آپ کا ٹیلنٹ آجاتا ہے اور ماہرہ کے ساتھ بھی ایسا ہی کچھ ہوا، وہ کام کم کرتی ہیں لیکن بہترین کرتی ہیں۔‘
واضح رہے کہ ماہرہ خان اور شاہ رخ خان ہندی فلم ’رئیس ‘ میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوچکے ہیں۔
ماہرہ خان بھی اکثر شاہ رخ خان کی تعریف کرتی دکھائی دی ہیں اور بتاتی ہیں کہ شاہ رخ خان ان کے پہلے کرش ہیں۔