پشاور ( نمائندگان جنگ )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے عید سے قبل غیر معیاری بیکری پراڈکٹس فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔ بنوں میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور مضر صحت اشیاء کے استعمال پر تین بیکریاں سیل کردی گئی، جبکہ مالکان کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ کاروائی کے دوران مختلف بیکریوں سے 500 کلو ناقص و مضر صحت بیکری پراڈکٹس برآمد کئے گئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق دیر لوئر تحصیل لال قلعہ میں ایک بیکری سے 400 کلو مضر صحت گھی اور مٹھائیاں برآمد کی گئی، کاروائی کے دوران بیکری کا پروڈکشن یونٹ سیل کردیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا کہنا تھا کہ عید سے قبل عوام کو معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق بیکری پراڈکٹس کی تیاری یقینی بنائی جائیگی، جس کے لئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیکریوں میں اشیاء کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا، اور مضر صحت بیکری پراڈکٹس تیار کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔