کوٹلی(خبرایجنسی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کشمیر کا مقدمہ ہار کر آگئے اور کہتے ہیں میں کیاکروں؟ مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ کمزور نہیں بلکہ کمزور تو عمران خان ہیں جو نہ صرف کمزور ہیں بلکہ بزدل بھی ہیں اور مجرم بھی،25جولائی کو سب شیر پر مہر لگائیں اوراپنےووٹ چوری کرنے کی اجازت نہ دیں۔کوٹلی آزاد کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج یوم شہدا ء کشمیرہے اور ہم شہدا ء کی قربانیوں کو کشمیر فروش عمران خان کے ہاتھوں ضائع نہیں ہونے دیں گے، عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک دیا، عمران خان کشمیردینے کے بعد ڈھٹائی سے یہاں ووٹ مانگنے آ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیر کا مقدمہ ہار کر آگیا اور کہتا ہے میں کیا کروں؟ مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ کمزور نہیں ہے، کمزور ہیں تو عمران خان ہیں وہ نہ صرف کمزور ہیں بلکہ نہایت بزدل بھی ہیں جو مقدمہ ہار کر کہتا ہے کہ صرف دو منٹ کی خاموشی اختیار کرو، پھر کہتے ہیں ہفتے میں ایک بار سوگ منایا کریں گے، سوگ تو آپ کے سلیکٹرز کو منانا چاہیے،عوام کیوں منائیں؟مریم نواز نے کہا کہ کیا نواز شریف کے دور میں بھارت کو یہ جرأت ہوئی کہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرے؟ آخر عمران خان کے دور میں ہی بھارت نے کشمیر کو ترنوالہ کیوں سمجھ لیا؟ عمران خان یہاں اپنا وزیراعظم اس لیے لانا چاہتا ہے کیونکہ وہ اسے صوبہ بنانا چاہتا ہے، آپ کشمیر کو صوبہ بنا کر کشمیریوں کی شناخت چھیننا چاہتے ہیں؟