• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد: ہیلتھ ورکرز کی ہڑتال، ویکسینیشن کا عمل معطل

دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کی ویکسینیشن کا عمل معطل کردیا گیا ہے۔ 

شہر اقتدار میں صبح سے ہیلتھ ورکرز کی ہڑتال کے باعث ویکسین نہیں لگائی جارہی۔

خیال رہے کہ کورونا رسک الاؤنس نہ ملنے پر کورونا ویکسین لگانے والا طبی عملہ ہڑتال پر ہے۔

اسلام آباد ایف نائن پارک اور چک شہزاد کے ماس ویکسی نیشن سینٹرز پر بھی طبی عملے کی ہڑتال جاری ہے۔ 

طبی عملے نے کورونا رسک الاؤنس نوٹیفکیشن جاری ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ 

ڈسٹرکٹ ہیلتھ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں 30 ویکسینیشن سینٹرز ہڑتال کے باعث شدید متاثر ہوئے ہیں۔ 

دوسری جانب تمام سرکاری اسپتالوں میں بھی گزشتہ تین روز سے ویکسینیشن کا عمل بھی معطل ہے۔ 

اسلام آباد میں شہری بغیر ویکسینیشن کے گھروں کو واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔

شہریوں کی پریشانیوں کو دور کرنے کے لیے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ہیلتھ ورکرز کی مذاکراتی ٹیم کو بلا لیا ہے۔

تازہ ترین