ڈیرہ غازیخان،لیہ،کوٹ سلطان،چوک اعظم،لالہ زار ( نمائندگان) لیہ اور ڈیرہ غازیخان میں زہریلا پانی،لسی پینے سے 26افراد کی حالت خراب ہو گئی،ضلع لیہ کے علاقے چوک اعظم کے نواحی قصبہ بھاگل کے چک نمبر 279ٹی ڈی اے میں زہریلا پانی پینے سے6افراد کی حالت بگڑ گئی،قصبہ بھاگل اڈا میں کریانہ کی دکان کے باہر رکھے واٹر کولر سے6افراد غلام فرید،محمد امین ، بشیر احمد ،محمد طارق اور عبدالرزاق اور دکان کے ملازم نے پانی پیا جس سے ان کی حالت خراب ہو گئی جنہیں فوری طور پر لیہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا،جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے،بتایا جاتا ہے کہ پانی سے گندم میں رکھی جانیوالی زہریلی گولیاں برآ مد کی گئی ہیں،چوک اعظم پولیس نے واٹر کولر کو قبضہ میں لے لیا ، اور پانی کے تجزیے نمونے کیلئے لیبارٹری بھجوا دئیے،دریں اثناءاطلا ع پر اسسٹنٹ کمشنر لیہ منظور احمد چانڈیہ نے چک میں اعلانات کروائے،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لیہ ڈاکٹر محمد ہاشم طبی عملے کیساتھ موقع پر پہنچ گئے،ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد ہاشم اورڈی ایس آئی حنیف محسن نے کریانہ سٹور سمیت 2دکانوں کو سیل کردیا، پولیس نےملک ملازم حسین اور محمد اشرف کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔۔ایس ایچ اوچوک اعظم سرفرازخان گاڈی نے کہاکہ یہ کسی کی دکاندار کو خراب کرنے کی سازش معلوم ہوتی ہے کاروائی کے بعد اصل حقائق معلوم ہو سکتے ہیں، پانی میں زہریلی گولیاں ملانے پر علاقہ بھر میں خوف ہراس پھیل گیا ہے ۔ ڈیرہ غازیخان کے علاقہ سمینہ چوک کے رہائشی محمد اسماعیل نامی شخص کےگھر میںزہریلی لسی پینے سے خواتین اور بچوں سمیت 20افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں طبی امداد کیلئے ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا متاثرین میں پانچ سالہ فہد ، نظام الدین ،چھ سالہ ہدیہ، سات سالہ کرن ،آٹھ سالہ وقار احمد ،12سالہ سائزہ بی بی اوروقاص احمد، 14سالہ قصواہ بی بی ، 15سالہ وسیم احمداور الیاس ، 35سالہ عارفہ ، 40سالہ آمنہ بی بی ، 55سالہ زاہد مائی ، محمد اسماعیل اور زرینہ مائی ودیگرشامل ہیں جن میں سے متعدد کو بیہوشی کی حالت میں ہسپتال لایا گیا ، ڈاکٹروں کے مطابق ہسپتال لائے گئے تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جا رہی ہے ، لسی کے نمونے حاصل کر لئے گئے ہیں تاہم رپورٹ آنے کے بعد واضح ہو گا کہ لسی میں ایسے کون سے اجزاء شامل تھے جس سے تمام کی حالت خراب ہو گئی ۔