کراچی (نیوز ڈیسک) آئی ایس پی آر نے سیکورٹی فورسز کی جانفشانی و انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی تفصیلات جاری کر دیں۔ گزشتہ دنوں کرم ایجنسی میں سیکورٹی فورسز نے جان کی قربانی دیکر مغوی مزدوروں کو دہشت گردوں سے آزاد کروا لیا جبکہ کیپٹن باسط علی اور سپاہی حضرت بلال نے جام شہادت نوش کیا۔
تفصیلات کے مطابق 26جون کو قبائلی ضلع کرم میں دہشت گردوں کی جانب سے موبائل ٹاورز پر کام کرنے والے مزدوروں کو اغواءکرلیا گیا ، 27جون کو دہشت گردوں نے 10ورکروں کو چھوڑ دیا جبکہ ایک کی لاش ملی، باقی پانچ مغوی مزدوروں کی بازیابی کے لیے سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ شروع کیا، سیکورٹی فورسز کے آپریشنز انتہائی دشوار گزار اور سخت موسم کے علاقے میں کئے گئے۔
دہشت گردوں کا مسلسل پیچھا کیا جاتا رہا۔ 13 جولائی کو اسی سلسلے کے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ 13 جولائی کے آپریشن میں کیپٹن باسط علی، سپاہی حضرت بلال نے معصوم مزدوروں کو بچانے کے مشن میں جان کی قربانی دی۔
15جولائی کو فائرنگ کے ایک اور تبادلے میں پانچوں مزدوروں کو دہشت گردوں کے چنگل سے چھڑوا لیا گیا۔باقی ماندہ دہشت گردوں کو ختم کرنے یا پکڑنے کے لیے آپریشن ابھی جاری ہے۔
سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خلاف جنگ کی مکمل حمایت کرنے والے عوام کی دیکھ بھال و حفاظت یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔