اسلام آباد (خبرایجنسی ) دفترخارجہ نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کا معاملہ ناقابل برداشت ہے، سفارتکاروں اور انکے اہل خانہ کی سیکورٹی کیلئے پرعزم ہیں۔
ا سلام آباد میں افغان سفیر نجیب اللہ علی خیل کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کے معاملے کی اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ،ملزمان کا سراغ لگانے اور انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوشش جاری ہے،افغان سفیر اور ان کے اہل خانہ کی سیکورٹی بڑھادی گئی ہے۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روزافغان سفارتخانے نے اطلاع دی کہ افغان سفیرکی بیٹی پر کارمیں سوار ہوتے وقت حملہ کیا گیا، واقعے کی اطلاع پر فوری اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزارت خارجہ اورسیکیورٹی حکام سفیر اور ان کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں، وزارت خارجہ اورسیکیورٹی حکام اس معاملے میں مکمل تعاون فراہم کررہے ہیں۔