کشتی حادثے کے بعد فیصل آباد زون ایف آئی اے کے ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹرز عہدے سے ہٹا دیے گئے۔ 12 ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کو چارج شیٹ کیا گیا۔ 30 افسر معطل کیے گئے۔ انسانی اسمگلروں کے 10 کروڑ 90 لاکھ کے اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ثاقب سلطان نے قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی داخلہ کو بریفنگ میں بتایا کہ لیبیا کشتی حادثہ کے بعد بڑی کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ ایف آئی اے کے 13 افسران گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ سال 2024 میں انسانی اسمگلروں کے خلاف 276 مقدمات درج کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ عمرے کی آڑ میں یہاں سے جاتے ہیں، آگے جاکر غائب ہو جاتے ہیں۔ بیرون ملک جانے والے غریب لوگ نہیں، محض زیادہ پیسے کی لالچ میں یورپ جانے کا فیصلہ کرتے ہیں۔ زیادہ تر پنجاب کے لوگ یورپ جاتے ہیں۔
حادثے میں بچ جانے والوں نے سیاسی پناہ کی درخواست کردی ہے، ہمیں قونصلر رسائی بھی نہیں دی جا رہی۔
ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ اسمگلنگ میں ملوث ججا گینگ کا 4 کروڑ کا اکاؤنٹ منجمد کیا گیا، دیگر اسمگلروں کے 6 کروڑ 90 لاکھ روپے کے اکاؤنٹ منجمد کر دیے گئے۔
ثاقب سلطان نے کہا کہ سال 2024 میں انسانی اسمگلروں کےخلاف 276 مقدمات درج کیے گئے، جن کو نوکری سے فارغ کیا گیا وہ واقعہ جون 2023 کا تھا۔