جاپان میں موٹر سائیکل کے برابر جسامت والی ٹونا مچھلی 13 لاکھ ڈالر (تقریباً 36 کروڑ 25 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) میں نیلام ہوگئی۔
جاپان کے سب سے بڑے مچھلی بازار ٹوکیو کے تویوسو فش مارکیٹ میں نئے سال کی نیلامی کے دوران ایک موٹرسائیکل جتنی بلو فن ٹونا کو 13 لاکھ ڈالر میں فروخت کیا گیا، جو ریکارڈ پر دوسری سب سے بڑی نیلامی ہے۔
اس مچھلی کا وزن 608 پاؤنڈ تقریباً 276 کلوگرام ہے، جسے جاپان کے ایک مشہور ریسٹورنٹ چین نے نیلامی میں خریدا۔
جاپانی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ قیمت 1999 سے جاری ریکارڈ میں دوسری سب سے بڑی بولی ہے۔ سب سے زیادہ قیمت 2019 میں 278 کلوگرام وزنی ٹونا کے لیے 31 لاکھ ڈالر تھی۔
خیال رہے کہ ٹوکیو کے تویوسو فش مارکیٹ میں زیادہ تر دنوں میں ملک بھر سے آنے والے وینڈرز اپنی بہترین مچھلیاں نیلامی کےلیے پیش کرتے ہیں، تاہم نئے سال کی نیلامی خاص اہمیت رکھتی ہے۔ اس موقع پر خریدار سال کی پہلی نیلامی کا اعزاز حاصل کرنے کےلیے سبقت لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، بلو فن ٹونا دنیا کی سب سے بڑی ٹونا نسل ہے، جو 40 سال تک زندہ رہ سکتی ہے اور وزن میں 1,500 پاؤنڈ تک پہنچ سکتی ہے۔ بدقسمتی سے زیادہ شکار اور غیر قانونی ماہی گیری کے باعث ان کی آبادی میں شدید کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں یہ نسل معدومیت کے خطرے سے دوچار ہوگئی ہے۔