• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادہ ہیری اپنی سوانح حیات جَلد شائع کریں گے

شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری نے خود میں آنے والی تبدیلی کے حوالے سے اپنی سوانح حیات ’ہوللی ٹروتھفل میگزٹ میمور‘ پر کام شروع کر دیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اپنی اس کتاب کے بارے میں ہیری کا کہنا ہے کہ وہ یہ کتاب ایک شہزادے کی حیثیت سے نہیں بلکہ ایک اس انسان کی حیثیت سے لکھ رہے ہیں جسے انہوں نے اپنے اندر آنے والی تبدیلی کے بعد پایا ہے۔

رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری پلٹزر ایوارڈ یافتہ مصنف جے آر موہننگر کے ساتھ مل کر کتاب کا پہلا مسودہ پہلے ہی لکھ چکے ہیں۔

اس کتاب کے پبلشر نے کتاب کے بارے میں جاری کردہ آفیشل بیان میں کہا ہے کہ ’ہماری بہت ہی قریبی اور با اثر عالمی شخصیت شہزادہ ہیری دلوں کو چھو جانے والی اپنی سوانح حیات میں پہلی بار اپنی زندگی کے ان تجربات، مہم جوئی، نقصانات اور زندگی کے ان اسباق کا حتمی جائزہ پیش کریں گے جن سے انہیں آگے بڑھنے میں مدد ملی۔‘

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’اس کتاب میں وہ اپنے بچپن سے لے کر آج منظرِ عام پر آنے والی اپنی زندگی کا احاطہ کریں گے، بشمول خدمت کے جذبے سے سرشار بطور ایک فوجی جس نے انہیں دو دفعہ افغانستان کے اہم محاذوں تک پہنچایا اوران کی خوشی جو انہوں نےایک شوہر اور والد ہونے کی حیثیت سے حاصل کی ۔‘

پبلشر کے بیان کے مطابق ’شہزادہ ہیری قارئین کے لیے ایک سحر انگیز ذاتی تصویر بھی پیش کریں گے جس سے قارئین کو پتا چلے گا کہ ہر چیز کے پیچھے جو وہ سمجھتے ہیں کہ جھوٹ ہے، ایک متاثر کن، بہادر اور ترقی پذیر انسان ہے۔‘

تازہ ترین