• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفیر پاکستان ظہیر جنجوعہ کی یورپ میں پاکستانی کمیونٹی کو عید کی مبارکباد

بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپین یونین کیلئے سفیر پاکستان ظہیر اے جنجوعہ نے پاکستانی کمیونٹی کو عید کی مبارکباد دی ہے۔ 

سعودی عرب کے علاوہ مڈل ایسٹ اور اس کے ساتھ ہی یورپ بھر میں آج عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔

بیلجیئم میں بھی پاکستانی کمیونٹی سمیت تمام مساجد میں عید کی نماز کورونا وائرس کی حکومتی ہدایات کے مطابق منائی گئی۔

بیلجیئم میں خود قربانی کرنے پر کیونکہ حکومت کی جانب سے پابندی عائد ہے۔ اس لیے مسلم کمیونٹی نے زیادہ تر قربانی اپنے آبائی ممالک میں کرنے کو ترجیح دی ہے۔

اس خو شی کے موقع پر بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپین یونین کیلئے سفیر پاکستان ظہیر اے جنجوعہ نے پاکستانی کمیونٹی کے نام اپنے عید کے پیغام میں کہا کہ "میں عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کیمونٹی کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللّٰہ تعالیٰ ہم سب کی قربانیوں کو قبول فرمائے"۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کا تہوار اسلامی تہذیب، ثقافت اور ملی روایات کی علامت ہے، یہ دن سنت ابراہیمی کی ادائیگی، ایثار، قربانی، ہمدردی، احترامِ انسانیت اور خدمت خلق کا پیغام دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزماتا ہے اور وہ ان امتحانات میں اپنے عزم و ایثار کے باعث پوری طرح سرخرو ہوتے ہیں جس سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورت میں ثابت قدم رہنا اور مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار ر ہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللّٰہ رب العزت ہم سب کو عید الاضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار فرمائے اور قربانی جیسی عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اپنے پیغام کو جاری رکھتے ہوئے سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ آئیے ہم اس عید کو سادگی اور پُر وقار طریقے سے منائیں اور غریبوں، رشتہ داروں اور عزیزو اقارب کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔

انھوں نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ آپ کو عید کے بابرکت موقع پر خوشی، امن اور مسرت عطا فرمائے۔

تازہ ترین