پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال کی سکھر آمد پر مخالفین نے نعرے لگائے اور پتھراؤ کیا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ جن لوگوں نے آج پتھر برسائے وہ کل پھول برسائیں گے۔ پاک سرزمین پارٹی ایوانوں میں نہیں گلی محلوں میں جمہوریت دیکھنا چاہتی ہے۔...
پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال پارٹی دفاتر کا افتتاح کرنے اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں سکھر پہنچے۔ ملیٹھی روڈ پر جلسے سے خطاب میں اُن کا کہنا تھا کہ ہر پارٹی کا لیڈر کہتا ہے کہ وہ عوام کے بنیادی مسائل حل کرے گا لیکن آج تک ایسا نہیں ہوا۔
جلسے کے بعد مصطفیٰ کمال نے شکارپور پھاٹک کےقریب پارٹی کے دفتر کاافتتاح کیا لیکن اس سے پہلے کہ بندر روڈ پر دفتر کا افتتاح کرنے پہنچتے، مخالفین نے ہنگامہ کردیا۔مخالفین نے سیکورٹی پر مامور پولیس موبائلوں پر پتھراؤ کیا اور مصطفیٰ کمال کے پوسٹر پھاڑ دیے۔ خواتین بھی انڈوں، ٹماٹروں اور چپلوں کے ساتھ موجود رہیں۔
پولیس نے جلد ہی حالات پر قابو پالیا جس کے بعد مصطفیٰ کمال نے پارٹی کے دفتر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ پتھر برسانے والوں کے لیے دعائے خیر کریں گے ۔مصطفیٰ کمال کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’’را‘‘ کے ایجنٹوں نے ہزاروں بہنوں کو بیوہ اور بچوں کو یتیم کردیا، آج بھی را کے ایجنٹ بچوں کو گمراہ کررہے ہیں، اب بھی وقت ہے ایم کیو ایم کے قائد خدا سے رجوع کرلیں۔