کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کی باگ دوڑ سابق انٹر نیشنل کھلاڑیوں نے سنبھال لی ہے۔انہوں نے اگلے چار سال کیلیے منتخب ہونے کے بعد کراچی میں ٹیبل ٹینس کو ایک بار پھر ماضی جیسی بلندی پر پہنچانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ کراچی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے انتخابات مقامی ہوٹل میں ہوئے جس میں سابق انٹر نیشنل کھلاڑی جاوید حیات، جاوید غفار، عارف خان، عارف ناخدا نے اہم عہدوں پر کامیابی حاصل کی، انتخابات میں اظہر خورشید ایڈوانی، سر پرست ، محمد طاہر لون صدر، جاوید حیات چیئر مین، جاوید غفار وائس چیئرمین، روبینہ ناخدا، ڈپٹی چیئرپرسن، طارق مہاجر سکریٹری، سلیم احمد جوائنٹ سکریٹری اور محمد ناخدا خزانچی منتخب ہوئے۔ایگز یکٹیو کمیٹی کے لئے سابق انٹرنیشنل کھلاڑی عارف ناخدا، عارف خان، سیما کلیم، نازو طاہر، سہیل حیات، سید انجم حسین، حمیرا صدیقی، خواجہ کاشف، وسیم شرافت، محسن صابر،نور جہاں ، پرویز احمد اور اسد حمید کو منتخب کیا گیا۔ نومنتخب عہدے داروں کا کہنا ہے کہ کراچی نے ماضی میں قومی اور انٹرنیشنل سطح پر بے شمار اچھے کھلاڑی ملک کو دیے ہیں، مگر کچھ برسوں سے اچھے کھلاڑی سامنے نہیں آرہے ہیں ، ہماری کوشش ہوگی کہ کراچی کو ٹیبل ٹینس کا گڑھ بنادیا جائے، ہر سطح پر نئے کھلاریوں کو گروم کر کے آ گے لایا جائے گا۔