• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز پہنچ گئی، کورونا ٹیسٹ منفی، پریکٹس شروع

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کے دورے کے بعد ویسٹ انڈیز پہنچنے پر پاکستانی کرکٹرز نےجمعے کو پریکٹس سیشن کیا، کھلاڑیوں کے کورونا کے دونوں ٹیسٹ منفی آئے۔ قومی اسکواڈ چار روز تک نیٹ سیشنز میں شرکت کرے گا۔ ٹیم منیجمنٹ کی خواہش پر ان نیٹ سیشنز کو سینیریو میچز میں بھی تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی 27 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کی سر زمین پر دونوں ملکوں کے درمیان کھیلے گئے سات ٹی ٹوئنٹی میں سے پاکستان نے پانچ جیتے دو ہارے ہیں۔ دریں اثناجمعے کوبارباڈوس سے ورچوئل پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ انگلینڈ کی سیریز سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اسکواڈ فائنل کرنے کی بات کی تھی، اس کے بہت قریب ہیں تاہم مسائل اب بھی ہیں، جن نتائج کے خواہش مند تھے وہ انگلینڈ میں نہیں ملے، آٹھ سے نو کھلاڑی تو پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں، گزشتہ سیریز میں ٹاپ آرڈر بہتر رہی ہے، مڈل آرڈر پرفارم نہیں کر رہی، محمد حفیظ گزشتہ سال کی کارکردگی نہیں دہرا پا رہے، مڈل آرڈر بھی اپنا کردار ادا کرنے لگے تو ٹیم کے لیے بہتر ہوگا۔ بولنگ میں تشویش کے کئی پہلو ہیں، بولرز نے کئی بڑے اسکور والے اوورز بھی کیے جن کا میچز کے نتائج پر اثر پڑا، وجوہات کا جائزہ لینے کی کوشش کررہے ہیں۔ انگلینڈ میں جو بھی ہوا، اس کو بھلا کر اب اعتماد کی بحالی سفر شروع کرنا ہوگا، ورلڈکپ کے پیش نظر بھی ٹیم کا فتوحات کے ٹریک پر آنا ضروری ہے۔

تازہ ترین