اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار ) ملکہ کوہسار مری میں عید الاضحیٰ کے تیسر ے روز جمعہ کو بھی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا ، ٹول پلازہ پر مری میں داخلہ کے لیے سیاحوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ سی ٹی او راولپنڈی رائے مظہر اقبال کے مطابق عید پر ایک لاکھ سے زائد گاڑیا ں مری میں داخل ہو چکی تھیں۔ صورتحال کے پیش نظر سی پی او راولپنڈی اور سی ٹی او بھی مری پہنچ گئے ۔ مری میں صرف 3200 گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے اس کے باوجود ٹریفک پولیس نظام کو سنبھالے ہوئے تھی اور اس کیلئے اضافی نفری طلب کر لی گئی تھی۔ تمام داخلی راستوں اور چیکنگ پوانٹس پر سیاحوں کی معاونت کے لیے آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے اور ان سے اپیل کی گئی کہ وہ غلط پارکنگ اورڈبل لائن سےگریزکریں۔ ادھراسلام آباد کےایس ایس پی ٹریفک سید کرار حسین کی ہدایت پر مری جانے والے سیاحوں کے لیے خصوصی انتظامات کئے گئے ، بہارہ کہو ، راول ڈیم چوک اور مری روڈ پر اضافی نفری تعینات کی گئی ۔