اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نےامریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ ‘’انوسٹمنٹ کلائمیٹ اسٹیٹ مینٹس پاکستان کو” غیرمعقول اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
رضا ربانی نے کہاکہ کسی دوسرے ملک کو ہمارے اداروں میں مداخلت کا حق نہیں ،پاکستان کے ادارے بشمول عدلیہ اندرونی کمزوری اور کوتاہیوں کا شکارہوسکتی ہیں ، لیکن اس طرح کی تنقید یا تدارک کےاقدامات اور احتیاطی تدابیر صرف آئین پاکستان میں ہی آسکتےہیں۔
رضا ربانی نے کہاکہ کسی دوسرے ملک کو یہ حق نہیں ہے کہ وہ پاکستان میں آئین اور قانون کے تحت کام کرنے والے اداروں میں مداخلت کرے۔
انہوں نے کہاکہ امریکہ کو یہ سمجھنا چاہئے کہ پاکستان ایک کلائنٹ ریاست نہیں ہے، لہذا پاکستان اور اس کے اداروں کو تضحیک کا نشانہ نہیں بنایا جاسکتا۔
رضا ربانی نے کہاکہ عدلیہ اور دیگر اداروں پر آئین کی حدود میں رہ کر تنقید اور اصلاح کی جاسکتی ہے۔