کراچی (اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نےکہاہےکہ آزاد کشمیر حکومت اور وفاق سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے ایکشن نہ لیا تو یہ متنازع ترین انتخابات ہونگے، اپوزیشن عمران کی حکومت نہ بننے دے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر انتخابی مہم میں سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان اور وزرا بھی سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں۔
وفاقی حکومت نے کشمیر میں ہر اختیار استعمال کرنے کی کوشش کی، کسی جماعت کو انتخابی عمل پر سوال اٹھانے کی ضرورت پیش نہیں آنی چاہیے، پی ٹی آئی امیدواروں نے پیسہ تقسیم کر کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔
عمران خان کی حکومت دھاندلی کی وجہ سے بنی، دھاندلی نہ ہوئی تو پیپلز پارٹی کے امیدوار ہی منتخب ہوں گے، انہوں نے کہا کہ ہم 3 نسلوں سے کشمیر کاز کا دفاع کر رہے ہیں، کٹھ پتلی حکومت نے کشمیر کے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا۔