اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے جھوٹ بولنے کی عادت کے یرغمال بنے ہوئے ہیں، مری میں گورنر ہائوس کی تزئین ہو رہی ہے کسی نجی رہائشگاہ کی نہیں، عمران خان کو اس سلسلہ میں اپنے بے بنیاد الزامات پر شرمسار ہونا چاہئے۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے عمران خان کو جھوٹ بولنے کی فیکٹری کے مساوی قرار دیا کیونکہ عمران خان روزانہ کی بنیاد پر جھوٹ بولے بغیر نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مری میں گورنر ہائوس کوئی نجی رہائش گاہ نہیں ، انہوں نے کہا کہ عمران خان ابھی عمرہ ادا کرکے سعودی عرب سے واپس لوٹے ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ انہوں نے اپنی بری عادتیں نہیں چھوڑیں۔ دریں اثناءحکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ مری میں گورنر ہاؤس ایک تاریخی سرکاری عمارت ہے جسے محفوظ بنانے کیلئے اس کی بحالی اور تزئین و آرائش کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے موجودہ دور حکومت کے دوران ایک رات بھی اس عمارت میں قیام نہیں کیا۔ مری میں کسی نجی عمارت پر فنڈز کی تخصیص کے حوالے سے الزامات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ یہ غلط اور گمراہ کن ہیں۔