• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پابندی کے باوجود قبائلی علاقوں کا دورہ کروں گا، مولانا فضل الرحمٰن

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) حکومت مخالف جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ اور جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پابندی کے باوجود قبائلی علاقوں کا دورہ کروں گا ، اگر عمران خان کشمیر کا الیکشن جیت گئے تو ہم دھاندلی زدہ نتائج قبول نہیں کرینگے، حکومت کی عوامی پذیرائی کا یہ عالم ہے کہ پچاس ضمنی الیکشن ہوئے اور 48میں پی ٹی آئی کو شکست ہوئی۔

جے یو آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں ریفرنڈم کی بات کرکے اقوام متحدہ کی قراردادوں، پاکستان اور کشمیریوں کے 70سالہ موقف سے غداری کی ہے۔

ہم نے پہلے کہہ دیا تھا کہ عمران خان نے کشمیر پر سودا بازی کردی اور یہ بیان ہمارے موقف کا ثبوت ہے، اب دھاندلی سے آزاد کشمیر میں نتائج حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 

مہنگائی اس قدر بڑھ گئی ہے کہ خریداری کی قوت نہیں رہی جبکہ 90 دن کے اندر کرپشن کے خاتمے کی بات ہوئی، کرپشن ختم کرنا دور کی بات کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیئے گئے، بجلی اور گیس مہنگی کردی گئی لیکن حکمران کہتے ہیں عوام ٹیکس نہیں دیتے، تمہارے جیسے آدمی کو عوام ٹیکس کیوں دے، عمران خان جعلی اور ڈمی وزیراعظم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلیوں کا انضمام تو کردیا گیا لیکن اب اسلام آباد میں بیٹھے لوگوں کو سمجھ نہیں آرہی کہ کرنا کیا ہے، قبائل میں پرانا قانون ہے اور نہ نئے قانون کو سمجھا جارہا ہے، مردم شماری میں قبائلیوں کیساتھ بھی دھاندلی کی گئی۔

قبائلی ہجرت میں تھے اور مردم شماری کردی گئی ہمیں ایسی مردم شماری قبول نہیں، گلگت بلتستان کی آبادی 15لاکھ ہے اسے صوبہ بنانے کی باتیں کی جارہی ہیں اور ڈیڑھ کروڑ والی آبادی قبائل کو صوبہ بنانے نہیں دیا جارہا ہمارا مطالبہ ہے کہ قبائل کو الگ صوبہ بنایا جائے۔

تازہ ترین