• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کیخلاف اقدامات میں ناکامی پر مظاہرے، تیونسی وزیراعظم برطرف

تیونس (خبر ایجنسیاں )تیونس کے صدر قیس سعید نے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے اقدامات میں ناکامی پر حکمران جماعت کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے بعد پارلیمنٹ معطل اور وزیراعظم هہشام المشيشی کو برطرف کر دیا ،صدر قیس سعید نے انتظامی اختیارات سنبھالتے ہوئے نائبین کے اختیارات بھی ختم کرنیکا اعلان کردیا،ان کاکہناتھاکہ آئین پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی نہیں خطرے کے پیش نظر معطل کرنیکی اجازت دیتا ہے، فیصلہ عوام کیلئے کیا۔غیرملکی خبررساںادارے کےمطابق گزشتہ صبح تیونس کے ہزاروں شہریوں نے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے اور اقدامات میں ناکام ہونے کے باعث حکمران سیاسی جماعت النھذہ کے خلاف متعدد شہروں میں مظاہرے کیے جس کے بعد صدر قیس سعید نے ہنگامی اجلاس کے بعد پارلیمنٹ معطل کر دی ، انہوں نے اعلان کرتے ہوئے آرٹیکل 80 کے تناظر میں کہا کہ انہیں آئین پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی اجازت نہیں دیتا لیکن خطرے کے پیش نظر پارلیمنٹ کو معطل کرنے کی اجازت ضرور دیتا ہے ۔ بعدازاں انہوں نے فیس بک پوسٹ میں کہا کہ پارلیمنٹ کی معطلی 30 روز کے لیے ہو گی اور یہ فیصلہ تیونس اور اس کے عوام کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے،صدرنے ملک کے وزیر اعظم ہشام المشیشی کو برطرف کرنے کے بعد کہا ہے کہ اب وہ ملک کے انتظامی اختیارات خود سنبھال رہے ہیں، یہ نئی سیاسی معرکہ آرائی اتوارکو حکومت مخالف پر تشدد مظاہروں کے بعد شروع ہوئی جس میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے تھے۔ صدر نے تیونس کی پارلیمان کو بھی آئندہ ایک ماہ تک کے لیے معطل کرنے اور تمام نائبین کے اختیارات کو بھی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس پیش رفت سے تیونس میں سیاسی اور اقتصادی بحران شدید ہو گیا ہے۔

تازہ ترین