• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI نے ضمنی انتخابات میں شکست کھائی، کون مستعفی ہوگا، مصدق ملک


کراچی (ٹی وی رپورٹ) تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کی طرف جانے کا وقت آگیا ہے، علی امین گنڈاپور نے پابندی لگنے کے بعد انتخابی مہم نہیں چلائی،نوازشریف نے پاکستان کو گالی دینے والے سے کس حیثیت میں ملاقات کی۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما سینیٹر مصدق ملک اور پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ بھی شریک تھیں۔مصدق ملک نے کہا کہ تحریک انصاف نے پورے ملک میں ضمنی انتخابات میں شکست کھائی وہاں کون مستعفی ہوگا، کسی بھی شخص کی پاکستان سے متعلق تلخ کلامی بری بات ہے،افغان مشیر قومی سلامتی نواز شریف کے پاس چل کر آئے کیونکہ کوئی اور ان سے بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ایک بار پھر آزاد کشمیر میں سلیکشن کی مبارکباد دیتی ہوں، آزاد کشمیر انتخابا ت میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ وفاقی اور آزاد کشمیر حکومتوں میں تھا، دو حکومتوں سے مقابلہ میں کامیابی پر اپنے کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر میں اختیارات کا بری طرح استعمال کیا، علی امین گنڈاپور نے انتخابی قواعد کی مجرمانہ طور پر خلاف ورزی کی، وفاقی وزیر انتخابات کے دوران پیسے بانٹتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کی طرف جانے کا وقت آگیا ہے، آزاد کشمیر انتخابات میں دو نہتے لوگوں کو شہید کیا گیا، اپوزیشن جیتتی ہے تو کہتی ہے ہمیں سلیکٹڈ سے جیتنے کا طریقہ آگیا لیکن جب ہارتی ہے تو دوسرا بیانیہ آجاتا ہے، آزاد کشمیر میں تمام حکومتی مشینری ن لیگ کے وزیراعظم فاروق حیدر کے کنٹرول میں تھی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر میں اپنی شکست تسلیم کرلینی چاہئے، علی امین گنڈاپور نے پابندی لگنے کے بعد انتخابی مہم نہیں چلائی۔ شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ افغان مشیر قومی سلامتی کی پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کی ہسٹری ہے، کیا نواز شریف نے حمد اللہ محب سے ملاقات سے قبل شہباز شریف سمیت ن لیگ کی سینئر قیادت کو آگاہ کیا تھا، پاکستان کی عزت پر ہمارا سب کچھ قربان ہے، میں پوچھنا چاہتا ہوں حمد اللہ محب کے بعد نواز شریف کی اسرائیل کے حوالے سے کس کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں، نواز شریف کی حکومت میں اسرائیل کے حوالے سے بیک ڈور ڈپلومیسی کس نے شروع کی تھی،نوازشریف نے پاکستان کو گالی دینے والے سے کس حیثیت میں ملاقات کی، حکومت کو بار بار سلیکٹڈ کہہ کر اداروں اور ملک کی توہین کی جاتی ہے۔ن لیگ کے رہنما سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ آزاد کشمیر میں دھاندلی سے انتخابات جیتنے کے بعد پی ٹی آئی کی بلاول اور مریم نواز کے استعفوں کی خواہش کررہی ہے، تحریک انصاف نے پورے ملک میں ضمنی انتخابات میں شکست کھائی وہاں کون مستعفی ہوگا، آزاد کشمیر میں ہمارے وزیر اور کوٹلی میں امیدوار کو توڑا گیا، ایل اے 32اور ایل اے 33میں اہلکاروں کا تقرر الیکشن کنڈکٹ کی خلاف ورزی تھی، چناری بازار میں سرکاری اہلکار پی ٹی آئی کے جھنڈے لے کر گھومتے رہے۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے آزاد کشمیر میں پانچ لاکھ ووٹ لے کر 6سیٹیں جبکہ پی ٹی آئی نے 6 لاکھ ووٹ لے کر 25 سیٹیں حاصل کیں، ن لیگ ہر حلقہ میں پچاس ساٹھ ووٹوں سے اتفاقاً ہار گئی لیکن کیا واقعی اتفاق تھا، شیخ رشید نے صاف بتادیا کہ آزاد کشمیر الیکشن کا ووٹ سے کوئی تعلق نہیں تھا، اپوزیشن جو الزامات دبے الفاظ میں لگاتی ہے شیخ رشید نے ببانگ دہل وہی الزامات لگادیئے۔

تازہ ترین