• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہداف پورے ہونے تک ایران کیخلاف آپریشن رائزنگ لائن جاری رہے گا: نیتن یاہو

اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اہداف پورے ہونے تک ایران پر حملے جاری رہیں گے، اسرائیل نے ایرانی خطرے کو ختم کرنے کے لیے آپریشن رائزنگ لائن کا آغاز کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے جوہری پروگرام کے دل کو نشانہ بنایا گیا ہے، اگر ایران کو نہ روکا تو یہ بہت کم وقت میں جوہری ہتھیار بنانے میں کامیاب ہو سکتا ہے، جس سے اسرائیل کی بقا کو واضح اور فوری خطرہ ہے۔

دوسری جانب اسرائيلی اداروں نے تخمینہ لگایا ہے کہ ایران سے جنگ کم از کم دو ہفتے جاری رہ سکتی ہے، گزشتہ شب کے حملے میں اسرائيل کے 200 لڑاکا طیاروں نے 5 مرحلوں ميں حصہ لیا۔

اسرائیل نے ایران کے درجنوں ریڈارز اور زمین سے فضا تک مار کرنے والے میزائل لانچرز کو تباہ کیا۔

اسرائیل نے ایران کے فضائی دفاعی نظام کے خلاف بڑے پیمانے پر حملہ مکمل کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیلی وزیرِ دفاع نے ایرانی انقلابی گارڈز اور ایئر فورس کی لیڈر شپ کے زیر زمین اجلاس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائيل نے دنیا بھر میں اپنے سفارت خانے تاحکمِ ثانی بند کر دیے، وزارتِ خارجہ کے مطابق کونسلر سروس بھی معطل رہے گی۔

اسرائیلی حملوں میں شہید ایرانی فوجی عہدیداروں و سائنسدانوں کے نام جاری

ایران نے اسرائیلی حملوں میں شہید فوجی عہدیداروں اور ایٹمی سائنسدانوں کے نام جاری کر دیے۔

تہران سے ایرانی میڈیا کے مطابق شہید فوجی عہدیداروں میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی، پاسداران کے سابق سربراہ محمد حسین افشردی عُرف محمد باقری، پاسداران انقلاب فضائی فورس کے سربراہ حاجی زادہ، پاسداران انقلاب خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹر کے سربراہ غلام علی رشید شامل ہیں۔

ایرانی جوہری توانائی پروگرام سے وابستہ شہید سائنسدانوں میں احمد رضا ذوالفقاری دریانی، فریدون عباسی، محمد مہدی تہرانچی، عبدالحمید مینوچھر اور امیر حسین فقہی شامل ہیں۔

امریکا کی اپنے شہریوں کو ایران کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

امریکی محکمۂ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی شہری ایران کا سفر نہ کریں۔ جبکہ ایران میں موجود امریکی شہری فوراً ایران چھوڑ دیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ ایران میں موجود امریکی شہری جو فوری طور پر نکل نہیں سکتے وہ محفوظ مقام پر رہیں۔

اسرائیلی فوج کا تمام ایرانی ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے ایران سے بھیجے گئے تمام ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل بھیجے گئےایرانی ڈرون عراق سمیت مختلف مقامات سے لانچ کیے گئے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل افواج شام کی فضائی حدود میں ایرانی ڈرونز کو ناکارہ بنا رہی ہے، شہریوں کو شیلٹرز کے قریب رہنے کی ضرورت نہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق اردن نے اپنی فضائی حدود میں آنے والے کئے میزائلوں اور ڈرونز کو ناکارہ بنایا ہے۔

اسرائیلی حملوں کے بعد ایران، عراق اور اردن کی فضائی حدود بند کر دی گئی، ایرانی حجاج کی واپسی کی پروازیں تاحکمِ ثانی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ایران اسرائیلی جنگ کے باعث اومان میں سائرن بج گئے، حکومت نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کی کمانڈر میجر جنرل امیر علی حاجی زادہ کی شہادت کی تصدیق

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر میجر جنرل امیر علی حاجی زادہ کی شہادت کی تصدیق کر دی۔

تہران سے خبر ایجنسی کے مطابق پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ کمانڈ سینٹر پر اسرائیلی حملے میں میجر جنرل امیر علی حاجی زادہ اور ان کے ساتھی شہید ہوئے ہیں۔

ایران کی درخواست پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب

ایران کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے آج اجلاس طلب کر لیا۔

اس حوالے سے ایرانی سفارت کار نے بتایا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کی درخواست پر یو این سیکیورٹی کونسل کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔

دریں اثناء انقرہ سے ترک حکام کے مطابق ترکیہ کی ترکش ایئر لائنز نے پیر تک ایران، عراق، شام اور اردن کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

ہمدان میں ایرانی نوجہ ایئر بیس پر اسرائیل کے مزید 2 حملے

ایران کے شمال مغربی صوبے ہمدان میں زوردار دھماکوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

تہران سے ایرانی میڈیا کے مطابق دھماکے ایرانی فضائیہ کے نوجہ ایئر بیس کے قریب سنے گئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے ایرانی صوبہ ہمدان پر مزید 2 حملے کر کے ایرانی فضائیہ کے نوجہ ایئر بیس کو نشانہ بنایا ہے۔

ایران میں اسرائیلی حملوں میں 78 افراد جاں بحق، 329 زخمی

ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران میں 78 افراد جاں بحق اور 329 زخمی ہوئے ہیں۔

تہران سے ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے تہران کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔

کمانڈر حسین سلامی کی شہادت کی تصدیق

ایران کے سرکاری میڈیا نے اسرائیلی حملے میں پاسداران انقلاب کے سربراہ کمانڈر حسین سلامی کی شہادت کی تصدیق کردی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں جوہری سائنسدان احمد رضا زلفغری، کمانڈر ختم الانبیاء ہیڈکوارٹر میجر جنرل غلام علی راشد اور ان کا بیٹا بھی شہید ہوگیا۔

تہران کے رہائشی علاقے پر اسرائیلی حملے میں 5 افراد شہید ہوئے جبکہ تبریز کے قریب 2 افراد شہید اور 6 زخمی ہوئے۔ اسرائیلی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 50 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ایرانی چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری بھی شہید

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری بھی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں دارالحکومت تہران اور اطراف کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ تہران کے جنوب میں اصفہان، جنوب مغرب میں اراک شہر اور مغرب میں کرمان شاہ شہر پر بھی حملے کیے گئے۔

ایران کا کہنا ہے کہ اس کا فضائی دفاعی نظام الرٹ ہے، تہران کے امام خمینی ہوائی اڈے پر تمام پروازیں معطل کر دی گئی ہیں، ایرانی قیادت کا اعلیٰ سیکیورٹی اجلاس جاری ہے۔

اسرائیل نے ایران پر حملے کا پہلا مرحلہ مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کے درجنوں لڑاکا طیاروں نے حملے میں حصہ لیا۔

اسرائیلی فوجی عہدیدار کے مطابق اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات کو نشانہ بنایا، ان میں جوہری اور فوجی اہداف شامل ہیں۔

اسرائیلی فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس چند دنوں میں 15 جوہری بم بنانے کےلیے کافی مواد موجود ہے۔

ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ ایرانی حکومت کے پاس تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی موجودگی اسرائیل اور دنیا کیلئے خطرہ ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں متعدد رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، ایران کی جانب سے جوابی بیلسٹک حملوں کا خدشہ ہونے کے سبب اسرائیل میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

ایران کا اسرائیلی حملے میں شہید اپنے ہر ایک شہری کا انتقام لینے کا اعلان

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل سخت سزا کا انتظار کرے، صیہونی ریاست نے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر اپنی ظالمانہ فطرت کو پہلے سے زیادہ بے نقاب کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کی مسلح افواج کے مضبوط بازو اسرائیل کو سزا دیے بغیر نہیں رکیں گے۔

دوسری جانب ایرانی حکومت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم نے جنگ کی ابتدا نہیں کی، مگر اس کا اختتام ایران کے ہاتھوں لکھا جائے گا۔

اسرائیل نے ایران کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی ہے، امریکا

امریکی صدر ٹرمپ نے کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا، وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ ہم ایران کے خلاف حملوں میں ملوث نہیں، ہماری ترجیح خطے میں امریکی افواج کا تحفظ ہے۔

ایران کو امریکی مفادات یا اہلکاروں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے، جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ ایران کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر الرٹ ہے۔

عالمی برادری کی ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

پاکستان، چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک کی جانب سے ایرانی پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، اسرائیلی اشتعال انگیز کارروائیاں علاقائی و عالمی امن و سلامتی کےلیے سنگین خطرہ ہیں۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا ہے کہ ایران کی خود مختاری کی خلاف ورزی کی مخالفت کرتے ہیں۔

سعودی عرب نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

جاپان کے وزیر خارجہ تاکیشی ایوایا نے ایک بیان میں کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملے سے کشیدگی میں اضافہ ہوا۔

حزب اللّٰہ کا ایران اسرائیل جنگ سے دور رہنے کا اعلان

لبنانی سرزمین پر قائم ایرانی حمایت یافتہ گروپ حزب اللّٰہ نے خود سے اسرائیل پر حملہ نہ کرنے اور ایران اسرائیل کی جنگ سے دور رہنے کا اعلان کردیا۔

ایران پر اسرائیلی حملوں کے بعد حزب اللّٰہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے واضح کیا کہ حزب اللّٰہ ایران پر حملوں کے ردعمل میں اسرائیل پر خود سے کوئی حملہ نہیں کرے گی۔

اسرائیل کا حملہ، ایران کے 3 اعلیٰ ترین عسکری کمانڈرز، 6 جوہری سائنسدان شہید، انتقام لینے کا اعلان

اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں جن میں فوجی قیادت کی رہائش گاہوں اور عسکری و جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی حملوں میں 3 اعلیٰ ترین عسکری حکام اور 6 سائنسدان شہید ہو گئے۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے ایران میں 6 مقامات پر حملے کیے، ایران پر حملے کم از کم 2 مرحلوں میں کیے گئے، غیر مصدقہ رپورٹس کے مطابق حملوں کا تیسرا مرحلہ جاری ہے۔


بین الاقوامی خبریں سے مزید