• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر الیکشن، لفظی بمباری تیز، دھاندلی ہوئی، کشمیر اور بیرون ملک تحریک چلائیں گے، ن لیگ

آزاد کشمیر الیکشن، لفظی بمباری تیز


مظفر آباد (ایجنسیاں)آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج پر حزب اختلاف اورحکومت میں لفظی بمباری تیز ہوگئی ۔مسلم لیگ (ن)نے آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ 25جولائی کا الیکشن ،2018ء کے انتخابات کا ٹریلر ہے ‘پری پول دھاندلی کی گئی ‘ انتخابات میں منی لانڈرنگ کا پیسہ استعمال ہوا‘اخلاقی اور جمہوری اقدار کو تباہ کیا گیا۔

ان الیکشن کے ذریعے عالمی ایجنڈے کی تکمیل کی جارہی ہے ‘ پاکستان ، آزاد کشمیر اور بیرون ملک تحریک چلائیں گے‘جمعہ کو اسلام آباد میں اکٹھے ہوں گے اور دنیا کو بتائیں گے کہ کیسے ہمارے حقوق پر ڈاکہ مارا گیا۔ ان خیالات کااظہار مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں شاہد خاقان عباسی ، راجہ فاروق حیدر ‘احسن اقبال اور مصدق ملک نے یہاںمشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ 25 جولائی کو آزادکشمیر میں جمہوریت ہاری ہے ہم دنیا کو کیا بتائیں گے ؟ایک جماعت کو 32 فیصد ووٹ ملتے ہیں اور سیٹیں کتنی ہیں ایک جماعت کو 25 فیصد ووٹ ملتے ہیں اور نشستوں کی تعداد کیا ہے سب نظر آرہا ہے ۔

الیکشن میں اخلاقی اور جمہوری اقدار کو تباہ کیا گیا اس میں وزیراعظم پاکستان اور وزرا ء ملوث ہیں ۔ آزادکشمیر میں ڈمی وزیراعظم لاکر اس کا اسٹیٹس تبدیل کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں ،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف کوئی اقدام نا کشمیر کے عوام کو قبول ہے نا ہمیں ، جو کچھ مسلم لیگ ن نے 5 سالوں میں حاصل کیا اس پر ڈاکہ ڈالنے کی تیاری ہے۔

راجہ فاروق حیدر خان نے کہاکہ پاکستانی قوم سے ایک سوال ہے حکومت ہمارے لیے حق خودارادیت کی بات کرتی ہے ہمیں حق راے دہی سے محروم کررہی ہے ،عمران خان نے آزادکشمیر کے آئین قانون اور تشخص کی دھجیاں بکھیریں ،الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں آزادکشمیر ،پاکستان اور بیرون ملک اس کے خلاف تحریک چلائیں گے ۔

تازہ ترین