صوابی(نمائندہ جنگ) صوابی پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کے دوران نواہی گاؤں درہ میں بھائی کے گھر زنجیروں سے جکڑی ایک سال سے محبوس خاتون کو بازیاب کر کے 3بھائیوں کو گرفتار کر لیا ، خاتون کو دارالا مان منتقل کر دیا گیا۔ ڈی پی او صوابی محمد شعیب نے ایس ایچ او، ڈی ایس پی سٹی بشیر احمد یوسفزئی اور ایس ایچ او عجب درانی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ دیہہ درہ صوابی میں ایک خاتون مسماۃ(ح) کو زنجیروں سے باندھ کر کمرے میں محبوس کیا گیا۔ اس اطلاع پر ڈی پی او صوابی محمد شعیب خان کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی صوابی سٹی بشیر احمد یوسفزئی کی قیادت میں ایس ایچ او صوابی سب انسپکٹر عجب درانی نے زنانہ اور مردانہ پولیس کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ ز مارا تو مکان کے کمرے میں محبوس خاتون جس کی گردن اور ٹانگ کو زنجیروں سے باندھا گیا تھا کو بازیاب کراکر تین بھائیوں سائر خان،فہیم خان اور ندیم خان ساکنان درہ کو گرفتار کر لیا ۔