چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ انہوں نے امورِ کشمیرمیں غیر آئینی مداخلت کر کے جیالے امیدوار سے سیاسی انتقام لینا شروع کر دیا، عمران خان سے کشمیر میں پیپلزپارٹی کی جیت ہضم نہیں ہوئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آزاد کشمیرمیں چوہدری یاسین اور فیملی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں، قاتلانہ حملہ چوہدری یاسین پر ہوا اورایف آئی آر انہی کے خلاف درج کر لی گئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چوہدری یاسین نے قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی جو نہیں کی گئی، کارکنوں کے خلاف سیاسی انتقام کا سلسلہ بند نا ہوا توآزاد کشمیر میں خود احتجاج کی قیادت کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے تحصیل چڑھوئی میں 2 افراد کے قتل میں پی پی امیدوار کو مجرم ٹھہرا دیا، یہ کیسی مدینے کی ریاست ہے کہ عمران خان کے خلاف تقریر کرو تو نیب نوٹس بھیج دیتا ہے، سیٹ جیت لو تو قتل کا مجرم بنادیا جاتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ انصاف کا تقاضہ تویہ تھا کہ 2 افراد کے قتل کی جوڈیشل انکوائری کے مطالبے پر عمل ہوتا، عمران خان کی ایما پر چادر اورچار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ہے۔