• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

31 اگست سے مزید پابندیاں لگا رہے ہیں: اسد عمر


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے ویکسینیشن نہ کرانے والوں کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ 31 اگست سے مزید بندشیں لگنے جا رہی ہیں، 31 اگست کے بعد ویکسینیشن نہ کرانے والوں کے کام کرنے پر پابندی ہو گی۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے بتایا کہ سب سے زیادہ ویکسین لگوانے کی شرح اسلام آباد میں 56 فیصد ہے، جبکہ سب سے کم ویکسین لگوانے کی شرح سندھ اور کراچی میں ہے۔

سربراہ این سی او سی کا کہنا ہے کہ ایک سال سے زائد ہوگیا، ہم کورونا وائرس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، رمضان میں کورونا ایس او پیز کے لیے بڑا کام کیا گیا، سندھ حکومت بڑے مستعد انداز میں کورونا کو دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم ملک بند نہیں کر سکتے، یکم اگست سے ہوائی سفر کرنے والوں کے لیے ویکسی نیشن لازمی ہو گی، یکم اگست سے کم از کم ایک ڈوز لگوانے والے مسافر ہوائی جہاز پر سفر کر سکیں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ اساتذہ کو بھی ویکسین لگوانا لازمی ہوگا، بچوں کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، جن اساتذہ نے ویکسی نیشن نہیں کروائی وہ یکم اگست کے بعد اسکول نہیں جا سکتے، بسوں کے ڈرائیور، کنڈکٹرز کو ویکسی نیشن کروانا ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیٹا اور تجربے کو مدِ نظر رکھ کر پلان مرتب کیا ہے، ہم زور لگاتے ہیں تو وباء نیچے آتی ہے، پھر سب کھلتا ہے تو وباء بڑھ جاتی ہے، مکمل طور پر کورونا کی وباء سے نکلنا چاہتے ہیں تو ویکسی نیشن حل ہے، 3 دن پہلے 6 لاکھ 80 ہزار ویکسی نیشن ہوئی جو ایک ریکارڈ تھا۔

سربراہ این سی او سی نے کہا کہ ملک میں ویکسین مہم بڑے پیمانے پر تیزی سے جاری ہے، ویکسی نیشن کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، بہتر کارکردگی میں وفاق کی تمام اکائیاں شامل ہیں۔

اسد عمر نے بتایا کہ گزشتہ روز تمام صوبوں نے ویکسی نیشن کے نئے ریکارڈ قائم کیئے، ایس او پیز پر عمل درآمد کر کے کورونا سے بچا جا سکتا ہے، اس سے بچاؤکا واحد حل احتیاط ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو اسکول لے جانے والے ڈرائیوار، کنڈکٹر 31 اگست سے پہلے ویکسین لگوائیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی 31 اگست تک ویکسی نیشن کروا لیں، ویکسین لگوانے کا عمل آسان ترین کر دیا گیا ہے۔

اسد عمر نے بتایا کہ ہوٹلوں، ریستوران، میرج ہالز میں کام کرنے والوں کو بھی ویکسین لگوانا لازمی کر دیا ہے، ویکسین نہ لگوانے والے 31 اگست کے بعد ہوٹلوں، ریستورانوں، میرج ہالز میں کام نہیں کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پبلک ڈیلنگ والے دفاتر میں کام کرنے والوں کیلئے بھی ویکسی نیشن کی آخری تاریخ 31 اگست ہے، 31 اگست تک ویکسی نیشن نہ کرانے والوں کے کام کرنے پر پابندی ہوگی۔

این سی او سی کے سربراہ نے کہا کہ 18 سال سے زائد عمر کے طالب علم 31 اگست تک ویکسینیٹ ہوں گے، بس، کوسٹرز ڈرائیورز، بس اڈوں اور عوامی مقامات پر کام کرنے والوں کے لیے ویکسین لگوانے کی آخری تاریخ بھی 31 اگست ہے۔

اسد عمر کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئندہ صورتِ حال دیکھ کر مزید شعبوں کی فہرست جاری کی جائے گی، ان سیکٹرز میں ویکسین کی پابندی کر رہے ہیں جو بند ہونے سے متاثر ہوئے۔

اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کراچی میں کیسز بڑھنے سے اسپتالوں پر دباؤ پڑھ گیا، کراچی میں وباء کا پھیلاؤ تیزی سے نظر آ رہا ہے۔

تازہ ترین