• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں ڈیلٹا وائرس کے 70 فیصد مریض موجود ہیں: یاسمین راشد

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں ڈیلٹا وائرس کے 70 فیصد مریض موجود ہیں جبکہ ڈیلٹا اور کورونا کے دوسرے وائرس سے بچنے کا واحد حل ویکسینیشن ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن مہم کے دوران پیش آنے والے مسائل پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر تکلیف ہوتی ہے، کورونا وائرس گنجان آبادی والے علاقوں میں زیادہ پھیلتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہے جبکہ اب سالون وائرس بھی آیا ہے۔

وزیرِ صحت پنجاب نے کہا کہ انتقال خون کے لیے عالمی معیار کا خیال رکھنا ازحد ضروری ہے، ہیپاٹائٹس کا مسئلہ اس وقت کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں۔ 

ڈاکٹر یاسمین راشد نے یہ بھی کہا کہ پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر کو بھی عالمی معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے، اب تک ایک ہزار 97 بلڈ بینکس کی انسپکشن کی گئی ہے جبکہ بلڈ بینک معیار کے مطابق نہ ہوئے تو بند کر دیئےجائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ لوگ رجسٹرڈ اور لائنسس یافتہ بلڈ بینک سے خون لیں کیونکہ پنجاب میں تھیلیسمیا کے 30 فیصد بچوں کو انتقال خون سے دوسری بیماریاں لگیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ یہ اتھارٹی بلڈ بینک کی انسپیکشن کرے گی، خون کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کے لیے ٹرانسپورٹ کا نظام بھی ہوگا جبکہ تمام ٹیچنگ اسپتالوں کے بلڈ بینک بھی اگلے 6 ہفتوں میں ٹیک اوور کرلیں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ 6 ماہ میں تمام بلڈ بینک رجسٹرڈ کر لیں گے اور انسپیکشن بھی مکمل ہو جائے گی۔

تازہ ترین