• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شکیرا کو اسپین میں ٹیکس چوری پر مقدمے کا سامنا

فیفا ورلڈ کپ 2010 کا مشہور زمانہ آفیشل ٹریک گانے والی کولمبین گلوکارہ شکیرا کو اسپین میں ٹیکس چوری کے الزام میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق گلوکارہ شکیرا کے خلاف جاری کی گئی عدالتی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ گلوکارہ شکیرا پر ٹیکس چوری کے الزام میں ایک ہسپانوی جج کو کافی ثبوت ملے ہیں جس کی وجہ سے انہیں مقدمے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

جج مارکو جیسس جوبیریاس نے استغاثہ کے الزامات پر مقدمےکی سماعت سے قبل کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق گلوکارہ نے 2012 سے 2014 کے درمیان حاصل ہونے والی آمدنی پر14.5 ملین یورو (17.2 ملین ڈالر) تک کا ٹیکس ادانہیں کیا۔

جج نے عدالتی دستاویز میں کہاہے کہ ’مقدمے سے وابستہ دستاویزات کے مطابق کارروائی کو جاری رکھنے کے لیےکافی ثبوت موجود ہیں۔‘

جبکہ استغاثہ کا کہنا ہے کہ شکیرا اس دوران کیٹالونیا کے علاقے میں رہ رہی تھیں، لیکن ان کے نمائندوں کا مؤقف ہے کہ وہ 2015 تک اسپین میں نہیں رہی تھیں اورانہوں نے اپنی ٹیکس سے متعلق تمام تر ذمہ داریاں پوری کیں تھیں ۔

اسپین میں موجود شکیرا کے نمائندوں نے ای میل پر جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ عدالتی دستاویز اس تحقیقاتی کارروائی میں متوقع صرف ایک اقدام ہے ، گلوکارہ کی قانونی ٹیم پراعتماد ہے اور عدلیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرتی ہے اور اس پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید