• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے‘سیکرٹری خوراک

کوئٹہ(خ ن)صوبائی سیکرٹری خوراک نور احمد پرکانی نے کہا ہے کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے اقدامات اہمیت کے حامل اور قابل ستائش ہیں ، ملاوٹ سے پاک خوراک کا استعمال اچھی صحت کا ضامن ہے، صوبائی حکومت نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی جیسا اہم ادارہ قائم کرکے اس سلسلے میں شروعات کی ہیں اب ہمیں اس کلچر کو نہ صرف بڑے شہروں بلکہ پورے بلوچستان میں پھیلانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع لورالائی کے دو روزہ سرکاری دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا کیا۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر آفس لورالائی میں زونل ڈائریکٹر بی ایف اے شراف الدین خان نے سیکرٹری خوراک کو بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ژوب و لورالائی زونز میں معیاری خوراک کی فراہمی کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل بارے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لورالائی ڈاکٹر عتیق الرحمان ، انجمن تاجران کے نمائندوں و خوردنی اشیاء کے کاروبار سے منسلک افراد اور بی ایف اے و محکمہ خوراک کے افسران بھی موجود تھے۔نور احمد پرکانی نے بی ایف اے حکام کو ناقص اور ملاوٹی کھانے پینے کی اشیاء کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کہ غذا میں ملاوٹ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں لہٰذا ایسے عناصر جو چند پیسوں کی خاطر عوام کی صحت سے کھیلتے ہیں کے خلاف موثرو بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں۔انہوں نے بریفنگ میں ڈپٹی کمشنر لورالائی ڈاکٹر عتیق الرحمان کو ہدایت کی کہ خالص غذا کی فراہمی کے قوانین پر عمل درآمد کرانے کے لئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی ٹیم کی بھرپور معاونت اور اس ضمن میں فوڈ اتھارٹی حکام کی ہر حوالے سے سپورٹ کی جائے۔سیکرٹری خوراک نے بریفنگ کے دوران انجمن تاجران کے نمائندوں اور کاروباری حضرات پر زور دیا کہ فوڈ بزنس کے لیے وہ حفظانِ صحت کے اصولوں و بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی وضع کردہ آسان اور قابل عمل ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں ۔
تازہ ترین