• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحرائے تھر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھجور کی کاشت کا تجربہ کامیاب

کراچی (پ ر) دعا فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر فیاض عالم نے کہا ہے کہ صحرائے تھر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کھجور کی کاشت کا تجربہ کامیاب ہوگیا ہے اور دو سال آٹھ ماہ قبل لگائے گئے 125درختوں میں سے 26درختوں پر پھل لگے ہوئے ہیں۔ کراچی سے آئے ہوئے سینئر صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس زمین پر پھلوں کے ان درختوں کے ساتھ ساتھ گندم، سرسوں، زیرہ اور اسپغول جیسی فصلیں بھی کاشت کی جارہی ہیں۔ دعا فاونڈیشن کے چیئرمین عامر خان نے صحافیوں کے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دعا فاونڈیشن ستمبر 2015 سے اب تک صحرائے تھر کی تحصیلوں کلوئی ، ڈیپلو، اسلام کوٹ، نگرپارکر اور ڈاہلی میں 50 ایگروفارم بناکر مقامی کسانوں کے حوالے کرچکی ہے- ہم لوگوں کو باعزت روزگار کمانے کے طریقے سکھا رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی اور وفاقی حکومتیں دلچسپی لیں اور تھرپارکر میں کھجور کے باغات لگانے کے لئے کسانوں کی مدد کریں تو یہ اہل تھر کی غربت میں کمی کے لئے ایک انقلابی منصوبہ ثابت ہوسکتا ہے۔ صحرائے تھر میں کھجور کے ساتھ ساتھ زیتون اور ڈریگن فروٹ جیسے پودوں کی کاشت پر بھی توجہ دی جائے۔یہاں پر ان درختوں کے ساتھ ساتھ گندم، سرسوں، زیرہ اور اسپغول جیسی فصلیں بھی کاشت کی جارہی ہیں کراچی سے آئے ہوئے سینئر صحافیوں احمد حسن، اسلم خان ابرار بختیار، تجمل احمد رفیع عباسی، نسیم شیخ اور دیگر نے صحرائے تھر میں کھجور کی کاشت کے پہلے تجربے کو صحرا کے لئے گیم چینجر قرار دیا اور کہا کہ اگلے چند سالوں میں ہم صحرا میں بہت سارے نخلستان بنتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، شرط یہ کہ ایسے مفید منصوبوں کو سرکاری سرپرستی حاصل ہوجائے۔

تازہ ترین