• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پاکستانی کرکٹر کشمیر لیگ نہیں کھیلیں گے، پی سی بی کا کلیئرنس دینے سے انکار

کراچی ( عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی نان اسٹاپ مصروفیات کی وجہ سے سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں کو کشمیر پریمیئر لیگ کے لئےاین او سی دینے سے انکار کردیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں ریٹائرڈ کھلاڑی حصہ لیں گے۔ بورڈ ترجمان کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں کو ورک لوڈ کی وجہ سے اجازت نہیں دی گئی ہے۔ ابھی کھلاڑی ویسٹ انڈیز میں کھیل رہے ہیں جس کے بعد افغانستان، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی سیریز ہے اور پھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے اگر انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی کھلاڑی زخمی ہوجاتا ہے تو وہ قابل قبول ہے لیکن اگر کسی پرائیویٹ لیگ میں کوئی کھلاڑی زخمی ہوتا ہے تو اس سے ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچتا ہے۔ جب فر نچائز نے ہم سے اجازت مانگی تھی تو ہم نے انہیں بھی یہ چیز بتائی تھی کے پی ایل ہماری لیگ ضرور ہے لیکن ہماری پریمیئر لیگ پی ایس ایل ہے۔ سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑی گذشتہ سال مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں اس لئے کھلاڑیوں کو آرام دینا ہے۔ کے پی ایل میں، شاہد آفریدی، محمد حفیظ، شان مسعود، اعظم خان ، شعیب ملک کھیل رہے ہیں، ان کا سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ہے البتہ شاداب خان اور فخر زمان کو شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شاہد خان آفریدی ان فٹ ہونے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچوں میں حصہ نہیں لے سکے تھے اب وہ کشمیر پریمیئر لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر اپنی مظفرآباد کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہوتے ایک تصویر اور ساتھ ہی ایک دلکش نظاروں کی تصویر شیئر کی ہے۔

تازہ ترین