اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف پر الزامات لگانے والے آج معافیاں مانگ رہے ہیں، نواز، شہباز کا بیانیہ ووٹ کو عزت دینے کا ہے، ووٹ چور اور آئین شکن ٹولہ ملک پر مسلط ہے
نوازشریف اور شہباز شریف کے بیانیے میں کوئی اختلاف نہیں ہے دونوں کا بیانیہ ایک ہی اور ووٹ کو عزت دینے کا ہے، 25 جولائی 2018ء کو آر ٹی ایس بٹھایا گیااور 25 جولائی 2021ء کو آزاد کشمیر انتخابات میں بھی دھاندلی کی گئی، 25 جولائی کے بعد سے نون سے شین نکلنے کا شوشہ چھوڑ چا جا رہا ہے ،اس بات کا شور وہ لوگ مچا رہے ہیں جو ووٹ چور، آئین شکن اور جھوٹے ہیں، معیشت کی تباہی اور کشمیر کے سودے میں صرف ایک شخص ملوث ہے جسکا نام عمران خان ہے
بجلی گیس اور پیٹرول سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آج ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں،پی ٹی آئی حکومت کو صرف اپنی اے ٹی ایمز کی فکر ہے عوام کی نہیں، جھوٹی حکومت کا آئی ایم ایف سے معاہدہ معطل ہو چکا ہے، شہباز شریف پر الزامات لگانے والے آج ان سے معافیاں مانگ رہے ہیں اور کیس واپس لینے کی منتیں کر رہے ہیں
نیشنل پریس کلب میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اس وقت ووٹ چور آئین شکن ٹولہ ملک پر مسلط ہے، تین سال میں سولہ ہزار ارب قرضہ لینے والے بتائیں کہ وہ قرضہ کس کی جیب میں گیا اور براڈشیٹ کو پینتیس ارب دینے پر نیب کیوں خاموش ہے کیا چیئرمین نیب اپنی مدت میں توسیع کی وجہ سے خاموش ہیں۔