پشاور میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ قیادت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کی۔ ریلی میں صوبائی وزرا، اراکین اسمبلی، سرکاری حکام، سماجی شخصیات اور طلبہ نے شرکت کی۔
ملک بھر کی طرح پشاور میں یوم بھی استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔
ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے خلاف نعرہ بازی کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان نے خود بھی نعرے لگائے اور کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا شکار ہیں۔ بھارت نے کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھنے کے لیے ظلم کی انتہا کردی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کشمیری عوام کو گزشتہ 2 سال سے بد ترین بھارتی لاک ڈاﺅن کا سامنا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔