• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مندر میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کیخلاف کارروائی شروع کر دی، طاہر اشرفی

لاہور(نمائندہ جنگ )چیئرمین پاکستان علماءکونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشر ق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ صادق آباد مندر میں توڑ پھوڑ کرنے والے افراد کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی شروع کر دی گئی ، وزیر اعظم کا دفتر اس حوالے سے تمام امور کی خود نگرانی کر رہا ہے،مجرم کیفرکردار تک پہنچیں گے ، کسی گروہ ، فردیا جماعت کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا، مندر میں توڑ پھوڑکی مرمت کیلئے کام شروع کر دیا گیا ہے، انہوں نے یہ بات لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعظم کا ویژن بڑا کلیئر ہے کہ آئین پاکستان نے مسلمانوں اور غیر مسلموں کے حقو ق کا تعین کر رکھا ہے، کسی کو اقلیتوں کے حقوق کو سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، صادق آباد میں مندر میں توڑ پھوڑ کا واقعہ قابل مذمت اور قابل گرفت ہے،اسلام ہمیں امن ، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے ، مندر میں توڑ پھوڑ کرنے والوں نے اسلام اور پاکستان کو بدنام کیا اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ، انہوں نے کہا ہے کہ وہ خود صادق آباد کا دورہ کریں گے اور بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ، ہندؤ برادری کی تشویش کو دور کیا جائے گا۔

تازہ ترین