اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ کے ترجمان نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جسٹس مشیر عالم سے متعلق شائع ہونے والی خبر کے حوالے سے وضاحت کی ہے کہ ان کی سندھ ہائیکورٹ سے سپریم کورٹ میں ترقی پانے والے جسٹس محمد علی مظہر کیساتھ قریبی تو درکنار دور دور سے بھی کوئی رشتہ د اری نہیں اور ایسا تاثر پھیلانے والوں کا مقصد ماسوائے ایک باوقار اور اعلیٰ ساکھ کے حامل جج کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے علاوہ کچھ بھی نہیں، جو نہایت قابل افسوس ہے ، سپریم کورٹ کے ترجمان شاہد حسین کمبوئو کی جانب سے جمعہ کے روز جاری کی گئی پریس ریلیز میں بیان کیا گیا ہے کہ قومی میڈیا پر چلنے والی خبروں کے مطابق پاکستان بار کونسل کے 5اگست کو منعقدہ اجلاس میں یہ تاثر دیا گیا تھا کہ جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس مشیر عالم کے قریبی رشتہ دار ہیں ،اورانہیں سپریم کورٹ میں ترقی دینے پر غور کرنے کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس مشیر عالم کو نہیں بیٹھنا چاہیئے تھا ،لیکن اس کے باوجود انہوںنے اس حوالے سے 28جولائی کو منعقدہ اجلاس میں شرکت کی ہے ،ترجمان نے واضح کیا ہے کہ جسٹس مشیر عالم کی جسٹس محمد علی مظہر کے ساتھ قریبی تو درکنار دو ردور سے بھی کوئی رشتہ د اری نہیں ۔