کوئٹہ( جنگ نیوز ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ سے باہر کے فیصلے قبول نہیں ، احتجاجی تحریک کے جلسوں کے مرحلے میں چہلم کا جلسہ پارٹی کا آخری جلسہ ہے اگلے مرحلے میں پارٹی کی احتجاج کا صفحہ بدل جائے گا، سیاست میں کسی کی مداخلت قبول نہیں کرینگے‘افغانستان کی آزادی کا خاتمہ عوام کیلئے قیامت سے کم نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری صوبائی صدرشہید محمد عثمان کاکڑ کے چہلم کا احتجاجی جلسے سے سائنس کالج فٹبال گرائونڈ کوئٹہ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیسیوں علاقائی یونٹوں کے احتجاجی جلوس مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچے ۔جلسے سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی، ملی شہید کے فرزند خوشحال خان کاکڑ، رضا محمد رضا،عبدالرحیم زیارتوال، عبید اللہ بابت ، عبدالرئوف خان ، نذیر جان ، کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر اقبال کاسی ایڈووکیٹ، مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ، وزیر قبائل کے سردار اور پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنماء ڈاکٹر گل عالم وزیر، خیبر پشتونخوا کے رکن اسمبلی میر کلام وزیراور سردار امجد ترین نے خطاب کیا۔ جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن اسمبلی نصراللہ زیرے نے انجام دیئے ۔ جلسے کی قراردادیں صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان نے پیش کیں۔پارٹی چیئرمین محمودخان اچکزئی نے اپنے خطاب کوئٹہ کے وطنپال اور باشعور عوام کی چہلم کے جلسے میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملی شہید کی شہادت کے بعد پارٹی کی احتجاجی تحریک میں جنوبی پشتونخوا کے عوام نے جس بھاری تعداد میں ہمارے احتجاجی جلسوں میں شرکت کی اس پر ہمارے وطن پال اور باشعورعوام مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی تحریک کے جلسوں کے مرحلے میں چہلم کا جلسہ پارٹی کا آخری جلسہ ہے اگلے مرحلے میں پارٹی کی احتجاج کا صفحہ بدل جائیگا۔