لاہور (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے لاہور میں دنیا کے سب سے بڑے میاواکی جنگل کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پروزیر اعظم نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان ہماری منزل ہے‘کلین اینڈ گرین پاکستان مہم ایک تحریک کی شکل اختیار کر چکی ہے،10 ارب درخت لگائینگے،جس سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئیگی، آنے والی نسلوں کیلئے ایک بہتر ملک چھوڑ کر جائینگے۔ قبل ازیں وزیراعظم نے اسلام آباد میں وزیرخرانہ شوکت ترین اور معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی، جس میں رواں ماہ کامیاب پاکستان پروگرام کے آغاز سے متعلق مشاورت کی گئی، وزیراعظم نے کہا ہے کہ مستحق خاندانوں کو غربت کی سطح سے نکالنے کیلئے تمام حکومتی وسائل استعمال کئے جائیں،وزیراعظم نےکامیاب پاکستان پروگرام کے تحت ریلیف کا دائرہ کار وسیع کرنے کی ہدایت کی۔ تفصیلات کے مطابق سگیاں لاہو ر میں میاواکی اربن فارسٹ کا افتتاح کرنے کے بعد عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ میاواکی جنگلات سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہو گی،میاواکی جنگلات لگانے پر انتظامیہ اور خاص طور پر وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،پاکستان کی 74سالہ تاریخ میں 64 کروڑ درخت لگائے گئے‘2013 سے 2018 تک صوبہ خیبرپختوخوا میں ایک ارب درخت لگائے،لاہور کا میاواکی جنگل دنیا کا سب سے بڑا جنگل ہو گا۔انہوں نے کہاکہ گلوبل وارمنگ کی وجہ زمین کا درجہ حرارت بڑھ گیا ہے،دنیا بھر کی طرح پاکستان کو بھر ماحولیاتی آلودگی کا سامنا ہے،آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول دینے کیلئے ہمیں درخت لگانا ہوں گے۔اس موقع پر وزیر اعظم کومیاواکی اربن فارسٹ پر بریفنگ بھی دی گئی، وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ لاہور میں ایسے 53 فاریسٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جو لاہور کی فضامیں کاربن کی مقدار کو کم کرنے میں معاون ثابت ہونگے 100 کنال پر محیط جدید ٹیکنالوجی سے لگائے جانے والے اس جنگل میں مجموعی طور پر165000پودے لگائے جارہے ہیں جو عام جنگلات کی نسبت دس گنا زیادہ تیزی سے اگتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنگل کو اس کے بانی جاپان کے آنجہانی پروفیسر میاواکی سے منسوب کرتے ہیں، جن کی پچھلے مہینے ہی وفات ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری آنے والی نسلیں کم ازکم یہ تو دیکھیں گی کہ ہم ایک بہتر ملک چھوڑ کر گئے ہیں بہ نسبت جو ہمیں ملاتھا، پاکستان کی 74 سالہ تاریخ میں 2013 تک صرف 64 کروڑ درخت اگائے گئے تھے جبکہ 2013 سے 2018 تک ہم نے صرف خیبرپختونخوا میں ایک ارب درخت اگائے اور اب ہمارا ہدف 10 ارب درخت اگانے کا ہے۔بعدازاں وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ ملاقات میں پنجاب کے انتظامی امور، عوام کے ریلیف کے اقدامات، مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے تدارک کے لائحہ عمل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت پر تفصیلی گفتگو کی۔علاوہ ازیں محرم الحرام کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی وزیرِ اعظم کو بریف کیا گیا۔ وزیرِ اعلی نے وزیرِ اعظم کو بھونگ میں مندر کی تعمیر اور اقلیتوں کے تحفظ کیلئے انتظامات کو مزید مستحکم کرنے کی حکمتِ عملی پر بھی بریفنگ دی۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں وزیرخرانہ شوکت ترین اور معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی۔