• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ و خضدار میں ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائی جاری

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی معائنہ ٹیموں نے ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک فراہم کرنے والوں کے خلاف خضدار اور کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے آٹھ مراکز پر جرمانے عائد جبکہ متعدد کو وارننگ نوٹسز جاری کردئیے۔خضدار میں مراکز کی چیکنگ کے دوران زونل ڈائریکٹر سجاد علی کی سربراہی میں بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایک بیکری سے بڑی تعداد میں مشہور برانڈز کی جعلی کولڈ ڈرنکس ،ایکسپائرڈ مصالحہ جات اور بچوں کے کھانے کی اشیاء برآمد کرلیں ۔کارروائی کے دوران مذکورہ بیکری سے برآمد ہونے والی جعلی مشروبات اور زائد المیعاد اشیاء ضلعی انتظامیہ کی موجودگی میں تلف کر دی گئیں ۔علاوہ ازیں عوام کو معیاری و ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں بھی مراکز کی چیکنگ کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔ اس ضمن میں سریاب روڈ میں واقع معروف النوید سویٹس اینڈ بیکرز جس کے متعلق عوامی شکایات بھی موصول ہوئی تھیں کو صفائی کے ناقص انتظامات و مجموعی طور پر حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف اشیاء کی تیاری جبکہ ایک ریسٹورنٹ اور ایک فوڈ کارنر کو بالترتیب چائنیز نمک و غیر معیاری کھلا خوردنی تیل استعمال کرنے اور گوشت کے نامناسب اسٹوریج و ناقص صفائی نظام پر جرمانہ کیا گیا۔مزید برآں پرنس روڈ میں ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس کے معائنے کے دوران معروف اکبر کڑاہی کو باسی و بدبودار گوشت برآمد ہونے ، غیر معیاری فوڈ کلرز و خراب کوکنگ آئل کے استعمال ،صفائی کے ناقص انتظامات اور ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے پر جرمانہ کیا گیا۔ ہوٹل سے برآمد ہونے والا خراب گوشت اور دیگر مضر صحت اشیاء تلف کر دیں۔اسی طرح بروری روڈ میں ایک ملک شاپ کو دودھ ملاوٹی و غیر معیاری پائے جانے پر جرمانہ کیا گیا۔
تازہ ترین