کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)جشن آزادی کی تقریبات کیلئے سیکورٹی پلان پرعملدرآمد شروع ہوگیا۔ پانچ ہزارپولیس اور دو ہزار سے زائد ایف سی اہلکار وںنے شہر بھر میں اپنی ڈیوٹیاں سنبھال لیں جبکہ پانچ پولیس کی اور چھ ایف سی کی کیو آر ایف پلاٹون ہو نگی۔ داخلی و خارجی راستوں پرچیکنگ کا سلسلہ سخت کر دیا گیا ۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس کوئٹہ اظہر اکرم نے جنگ کو بتایا کہ جشن آزادی کی تقریبات کے حوالے سےسیکورٹی پلان پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے جشن آزادی کی تقریبات کے موقع پر شہرمیں پانچ ہزار پولیس اور دو ہزار سے زائد ایف سی کے جوانوں کو تعینات کیا جائیگاجبکہ پانچ پولیس کی اور چھ ایف سی کی کیو آر ایف ہو نگی بی ڈی ٹیمیں بھی مختلف علاقوں میں موجود ہو نگی اس کے علاوہ داخلی و خارجی راستوں پر بھی سیکورٹی کو سخت کر تے ہوئے چیکنگ بھی سخت کر دی گئی ہے۔ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دومیان مکمل رابطے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کیلئے ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ۔جبکہ کوئٹہ میں 12سے 14اگست کے درمیان عوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے ون ویلنگ، اسنو اسپرے کے استعمال، گاڑیوں میں اونچی آواز میں گانے لگانے، گاڑیوں کی چھتوں اور کھڑکیوں میں بیٹھنے، سڑکوں پر ناچنے یا اتن کرنے، لوگوں پر پانی پھینکنے سمیت دیگر خلاف قانون سرگرمیوں پر پابند ی عائد ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی ۔