کوئٹہ ( نمائندہ جنگ)ہرنائی اور بلیدہ میں دہشت گردوں کے سیکورٹی فورسز پر حملے، کوئٹہ میں اسٹال پر دستی بم سے حملہ، ایک اہلکار شہید جبکہ ایک افسر اور اہلکار سمیت 7افراد زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی فورسزکی جوابی کارروائی میں تین حملہ آور بھی مارے گئے۔
گورنر، وزیر اعلیٰ اور وزراء کی واقعات کی مذمت۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لورا لائی کے قریب دہشتگردوں نے ایف سی کی گاڑی پر حملہ کیاجس میں نائیک شریف شہید اورمیجر قاسم اور ایک اہلکار زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی جوانوں کی جانب سے فوری جوابی کارروائی کی گئی جس میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے لورالائی میں ایف سی کی گاڑی پر دہشتگردوں کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے شہید نائیک شریف کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلیدہ میں دہشت گردوں نےسیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر تین راکٹ داغے جو پرانے قلعے کے قریب گرکر دھماکوں سے پھٹ گئے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کوئٹہ پولیس کے مطابق خروٹ آباد کے علاقے سرپل پر گزشتہ روز ایک نوجوان جھنڈے فروخت کر رہا تھا جبکہ قریب ہی ایک جوس کی ریڑھی کھڑی تھی ،دو نامعلوم موٹرسائیکل سوار جوس کی ریڑھی کے قریب کھڑے ہوئے اورایک دستی بم کی پن نکال کر جھنڈے فروخت کرنے والے کے قریب رکھ کر فرار ہو گئے۔
بم کے زور دار دھماکے میں ایک بچہ فیاض محمد ،چار راہگیر امجد خان ، عزت اللّٰہ ، غلام اکبر اور محمد صادق زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا ۔