8 محرم الحرام کے سلسلے میں ملک بھر میں جلوس برآمد ہو رہے ہیں اور مجالس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر جنوبی پنجاب کے اہم شہر ملتان اور سندھ کے شہر خیر پور میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت کیئے گئے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز ملتان کے مطابق شہر میں آج 8 محرم الحرام کے روز 182 مجالس برپا کی جائیں گی جبکہ 88 جلوس برآمد ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملتان میں 40 مجالس اور 15 جلوس انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز نے یہ بھی بتایا کہ ملتان میں مجموعی طور پر تمام جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے 5 ہزار 631 پولیس اہلکار اور رضا کار سیکیورٹی کی ڈیوٹی کے لیے تعینات کیئے گئے ہیں۔
ادھر سندھ کے شہر خیر پور میں 8 محرم الحرام کے سلسلے میں برآمد ہونے والے جلوس کے موقع پر موبائل فون سروس معطل کر دی گئی ہے۔
خیر پور شہر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو سیکیورٹی کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔