لاہور پولیس نے مینارِ پاکستان پر ٹک ٹاکر لڑکی عائشہ اکرم کو ہراساں کرنے کے کیس میں واقعے کے حاصل کیئے گئے 24 ویڈیو کلپس میں سے 56 افراد کی تصاویر حاصل کر لیں۔
لاہور پولیس ذرائع کے مطابق تصاویر میں ان افراد کو لڑکی کے گرد دیکھا جا سکتا ہے، حاصل کی گئی تصاویر شناخت کے لیے نادرا بھجوا دی گئی ہیں۔
لڑکی کے گرد جمع ہونے والے نوجوانوں کی تصاویر ’جیو نیوز‘ نے حاصل کر لی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے 4 ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں۔
نادرا کی جانب سے شناخت کے بعد ملزمان کے کوائف حاصل کیئے جائیں گے۔
پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ نادرا سے ملنے والی تفصیلات کی روشنی میں ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاکر لڑکی سے بدسلوکی کا واقعہ 14 اگست کو مینارِ پاکستان کے گراؤنڈ میں پیش آیا تھا۔
آئی جی پنجاب کی جانب سے بھی واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے۔